تاثیر،۲۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
رائے پور، 22 دسمبر:بالود ضلع کے مرکاٹولا گھاٹ میں مہندرا ٹریولس کی بس جمعہ کی صبح گرور تھانہ علاقہ میں نیشنل ہائی وے 30 پر حادثہ کے بعد سڑک پر پڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ 12 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو چاراما کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ جتیندر یادو بھی موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ گرور تھانہ علاقہ کے نیشنل ہائی وے 30 پر پیش آیا۔ تیز رفتار بس رائے پور سے جگدل پور کی طرف جارہی تھی۔ اس دوران وہ سڑک حادثے کا شکار ہو گیا۔ مسافر بس قومی شاہراہ 30 پر پہلے سے ہی الٹ چکے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا۔ دیگر ڈرائیوروں اور وہاں سے گزرنے والے لوگوں کی مدد سے تمام زخمیوں کو علاج کے لیے چاراما ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا ۔ اس حادثے میں تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پرور پولیس موقع پر پہنچی اور اندر پھنسی لاشوں کو باہر نکالا۔ حادثے کے بعد سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ واقعہ کے بعد بس ڈرائیور اور کنڈکٹر فرار ہیں جن کی پولیس تلاش کر رہی ہے۔