جموں و کشمیر کے لوگ جلد سے جلد منتخب حکومت چاہتے ہیں: فاروق عبداللہ

تاثیر،۳۰ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

جموں ،30 دسمبر:نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہفتہ کے روزجموں وکشمیر کو ریاست کا درجہ دینے اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مرکزکے زیرانتظام علاقے میں لوگ جلد سے جلد ایک منتخب حکومت چاہتے ہیں۔میڈیا سے بات کرتے جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی، اور سابقہ ریاست میں قبل از وقت انتخابات کی امید ظاہرکرتے ہوئے ان کے لیے ایک اچھا سال آنے کی خواہش کی۔عبداللہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں کی توقعات اور امنگوں کو سمجھے گی اور جلد از جلد انتخابات کرائے گی۔چونکہ جموں و کشمیر میں آخری انتخابات 2014 میں ہوئے تھے اور لوگ اپنی انگلیوں پر سیاہی لگانے کے لیے ایک اور موقع کا شدت سے انتظار کررہے تھے۔مزید کہا کہ امید ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ذاتی طور پر اس پر غور کریں گے۔ مرکز کے زیرانتظام علاقہ ایک منتخب حکومت چاہتا ہے تاکہ لوگوں کے حقیقی خدشات کو سنا اور ان کا ازالہ کیا جا سکے۔
اس سے قبل، 11 دسمبر کو سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ وہ اگلے سال 30 ستمبر تک جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ یہ ہدایت مرکز کے ذریعہ آرٹیکل 370 کے تحت سابقہ ریاست کو خصوصی آئینی دفعہ کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کے ایک بیچ پر سماعت کے دوران آئی۔ ایک تاریخی فیصلے میں، سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کی آئینی بنچ نے مرکز کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عارضی شق ہے اور صدر کے پاس اسے منسوخ کرنے کا اختیار ہے۔