جنوبی افریقہ بنام انڈیا ٹیسٹ سیریز: ربادا کے طوفان میں انڈین ٹیم ریت کی دیوار بن گئی ، 7وکٹ گنواکر ٹیم بحران میں

تاثیر،۲۶ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

جوہانسبرگ؍ نئی دہلی، 26دسمبر: جنوبی افریقہ کیخلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں بڑی امیدوں کے ساتھ اتری ٹیم انڈیا کا حال پہلے ہی دن بے حال ہوگیا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم پر جنوبی افریقی گیند بازوں نے قہر ڈھادیا۔ آدھی ٹیم 107 رنز کے اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔ تجربہ کار تیز گیند باز ربادا نے ۵؍وکٹیں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے ٹیم انڈیا کے لیجنڈ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو آؤٹ کرکے واپسی کا ٹکٹ تھمادیا۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن انتہائی خراب بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ مہمان ٹیم کے کپتان ٹیمبا باوما نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کی سرزمین پر گزشتہ 10 سال سے نصف سنچری بنانے کے لیے ترس رہے کپتان روہت شرما 5 رنز ہی بنا سکے۔ یشسوی جیسوال اور شبھ من گل بھی سستے نمٹ گئے۔ وراٹ کوہلی اور شریس ایئر نے کسی نہ کسی طرح لنچ تک وقت نکال لیا ،لیکن پروٹیز کے تجربہ کار بولر نے بھی ان پر قابو پالیا۔جنوبی افریقہ کا ایک گیند باز ٹیم انڈیا کے تجربہ کار بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹا۔ ربادا نے پہلے کپتان روہت شرما کو صرف 5 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد شریس ایئر اور پھر وراٹ کوہلی کی وکٹیں لیں۔ لنچ سے قبل وراٹ اور ایئر کی جوڑی جنوبی افریقہ کے لئے مشکل بن گئی تھی جسے ربادا نے واپس آتے ہی توڑ دیا۔تادم ِتحریر کے ایل راہل نصف سنچر ی بناکر محاذ پر ڈٹے ہوئے ، جب کہ ان کا ساتھ شاردل ٹھاکر بحسن خوبی نبھا رہے ہیں۔ ٹیم انڈیا نے سات قیمتی وکٹ گنواکر 187بناچکی ہے۔