تاثیر،۱۰ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
کم وقت میں زیادہ سے زیادہ صا حب استطاعت تک حج کا پیغام پہنچانے کی ضرورت— الحاج عبد الحق
دسمبر10 :بہار ریاستی حج کمیٹی کے عزت مآب چیئر مین الحاج عبد الحق نے اپنے خصوصی پریس اعلانیہ کے ذریعہ مطلع کیا ہے کہ ترغیب حج مہم کے سلسلے سے حج بھون پٹنہ میں ادارہ شرعیہ کے سبھی اضلاع کے علماء کرام حضرات کی خصوصی نشست بروز اتوار بوقت دس بجے دن منعقد ہوئی۔ آج کی اس خصوصی نشست میں مرکزی ادارہ شرعیہ بہار کے سبھی اضلاع کے علماء کرام نے شرکت کی اور ترغیب حج مہم کی کامیابی کے لئے سبھی شرکاء نے اپنی مکمل معاونت کا یقین دلایا۔ مقررین نے اظہار ِخیال کرتے ہوئے فرمایا کہ پہلے سے ہی پورے بہار میں جمعہ کے خطاب میں ترغیب ِحج کو موضوع بنانے کا کام الحمد اللہ جاری ہے۔ان شاء اللہ اس کے اچھے نتائج ہوں گے۔علماء کرام نے یہ بھی کہا کے اس مہم کو پنچایت ، بلاک اورسب ڈویژن سطح پر چلاتے ہوئے لوگوں کو حج کا پیغام دیا جانا چاہئے۔یہ سلسلہ لگاتار جاری رہے تو ان شاء اللہ بہار کے حجاج کرام کے تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کاقوی امکان ہے۔
بہار ریاستی حج کمیٹی کے معزز رکن و قاضی شریعت مرکزی ادارہ شرعیہ بہار جناب مفتی امجد رضا امجد نے علماء کرام ، ائمہ اور تنظیموں کے ذمہ داران حضرات سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم تمام لوگوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ جو حضرات صاحب استطاعت ہیں انہیں اسلام کے پانچویں رکن حج جیسی عظیم فریضہ کی ادائیگی کے لئے رغبت دلائی جائے اور اس بات کے لئے بھی ان کی ذہن سازی کی جائے کہ اللہ نے اگر آج انہیں مال و دولت سے نوازا ہے تو اس کی گارنٹی نہیں کے کل ہمارے پاس یہ مال و دولت باقی رہے۔لہذا وقت کو غنیمت جانتے ہوئے اور اپنی جسمانی قوت رہتے ہوئے اس عظیم فریضہء کی ادائیگی کے لئے جلدی کریں۔خدا نہ خواستہ صاحب استطاعت رہتے ہوئے ہم نے اس عظیم فریضہء کی ادائیگی نہیں کی اور اس دار فانی سے رخصت ہو گئے تو پھر ہم ایک بڑے گناہ کے مرتکب ہوں گے۔ہم تمام لوگوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو اس نیک کام کی رغبت دلانے کے لئے پیغام کو عام کریں۔آپ حضرات جب اس طرح کی کوشش کریں گے تو آپ کے علاقے میں لوگوں کو یہ بھی یہ پیغام جائے گا کہ آپ، لوگوں کو اچھے کام کی ترغیب اور نیک کام کی طرف بلانے والے لوگ ہیں۔
مفتی ثناء المصطفیٰ نوری امام و خطیب کوتوالی مسجد نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ حج 2024کے تعلق سے ترغیب حج کے موضوع پر اب تک سبھی شرکاء کے جو بھی مشورے آئے ہیںوہ سب قابل قبول اور قابل عمل ہیں۔اس ضمن میں یہ بھی عرض کرنا ہے کہ صاحب استطاعت حضرات سے حج کے مشکلوں کو بھی بیان کیا جائے کہ یہ عمل صرف دولت و ثروت سے ہی ممکن نہیں ہے بلکہ جسمانی قوت کی بھی اشد ضرورت ہوتی ہے۔اُس کے ساتھ ساتھ امت کی خواتین کو بھی حج کی ترغیب دی جائے تاکہ وہ اپنے شوہروں کو راضی کر سکیں۔ یہ بات بھی لوگوں کو بتانے کے ضرورت ہے کہ اگر کوئی صاحب استطاعت جسمانی طور پر سفر کے اہل نہیں ہیں تو انہیں حج بدل کی ترغیب دی جائے۔ترغیب حج کا پیغام ہم تمام علماء کرام سالوں بھر لوگوں تک پہنچائیں۔
ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین الحاج عبدالحق صاحب نے خطبہ ٔ صدارت پیش کرتے ہوئے فرمایاکہ میں اپنی اور ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے ترغیب حج مہم کے نشست میں شریک تمام شرکاء اور مندوبین کاشکریہ اداکرتاہوںاوریہ امیدکرتاہوں کہ آپ سب کی معاونت سے ہی ریاست گیرترغیب حج مہم کامیابی کی منزلیں طے کرے گی۔ موصوف نے فرمایا کہ چونکہ وقت بہت کم ہے لہذا زیادہ سے زیادہ صاحب استطاعت حضرات تک کم وقت میں پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ریاستی حج کمیٹی کی جہاں بھی آپ کوضرورت ہوگی وہاں ہم آپ کے ساتھ ہوں گے۔ موصوف نے حج کے امور میں دلچسپی رکھنے والے قوم و ملت کے دانشور حضرات، خصوصاََ ائمہ مساجد اساتذہ ٔمدارس،دینی تنظیموں اور ملی اداروں کے ذمہ دارعلماء کرام ومفتیان عظام سے مخلصانہ ا پیل کی کہ جمعہ کے خطاب میں حج کے فضائل و برکات اور استطاعت کے باوجودفریضئہ حج کی ادائیگی سے محروم رہ جانے والے افرادکے متعلق احادیث صحیحہ میں وارد وعیدکواپنی تقاریرو خطبات کے ذریعہ اجاگرفرمایاجائے اور زیادہ سے زیادہ صاحبِ استطاعت حضرات کواس عظیم فریضہ کی ادائیگی کی طرف متوجہ کیاجائے۔
ترغیب ِ حج مہم کی اس خصوصی نشست کے شرکاء حضرات میں مولانا محمد وسیم اکرم و مولانا محمد عرفان چستی، غوث الوریٰ، سیوان ،مولانا سید غلام فانی رشیدی، اورنگ آباد، مولانا محمد صلاح الدین رضوی، درالعلوم عمادیہ، منگل تا لاب پٹنہ سیٹی، مولانا اظہر امام، لودی کٹرہ پٹنہ سیٹی، مولانا ریحان رضا انجم مصباحی، مدھوبنی، مولانا محمد عسجد رضا ،مولانامحمد نورالہدیٰ خان و مولانا محمد احسن رضا قادری ،سیتا مڑھی، مولانا محمد محبوب اختر مصباحی، جامعہ واجدیہ، دربھنگہ، مولانا محمد رجب القادری، دارالعلوم رضویہ، چھرہ، مولانا محمد تبارک حسین رضوی، پیر منصور گیا، مولانا محمد اظہر خان حبیبی مصباحی، جہان آبادکے نام قابل ذکر ہیں۔
حج سے متعلقہ مزید معلومات کے لئے ریاستی حج کمیٹی کے دفتر کے فون نمبر- 0612-2203315 اور موبائل نمبر 9709647585(مفتی محمدعبیداللہ ) 8271463343 (اظہاراحمد) 9693638579 (صغیر احمد)، 9308102375 (محمد اختر حسین) ، 7070810696 (صفدرعلی)اور 7488279439 (محمد احسان صدیقی) پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔