حج 2024کا فارم بھرنے کی تحریک چلائیں علماء، ائمہ اورتنظیموں کے ذمہ داران — ڈاکٹر مفتی امجدرضا امجد

تاثیر،۹ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

 

ڈاکٹر مفتی امجدرضا امجد

دسمبر9، بہار ریاستی حج کمیٹی کے معزز رکن و قاضی شریعت ادارہ شرعیہ بہار ڈاکٹر مفتی امجد رضا امجد نے اپنے خصوصی پریس اعلانیہ کے ذریعہ مطلع کیا ہے کہ حج اسلام کاایک اہم فریضہ ہے نمازوروزہ کی طرح یہ بھی اسلام کاایک رکن ہے مگراس کی ادائیگی میں جس طرح بے اعتنائی برتی جاتی ہے وہ لمحہ فکریہ ہے ۔ بالعموم یہ سمجھ لیاگیاہے کہ حج عمرکے اخیر حصے میں اداکرنیکی چیز ہے اسی لیے ہندوستان میں حاجیوں کی اکثر تعداد بوڑھوں کی ہوتی ہے حالانکہ اس کا تعلق بڑھاپے سے نہیں ہے، صاحب استطاعت ہونے سے ہے اور یہ استطاعت بالغ ہو نے کے بعد جس عمر میں بھی ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ حج فرض ہوجانے کے بعد بلاوجہ شرعی ادائیگی میں تاخیر کرناایسا ہی گناہ ہے جیسے نماز کی ادائیگی میں کوتاہی کرنا۔
موصوف نے فرمایا کہ حج 2024 کا فارم بھراجارہاہے اور مرکزی حج کمیٹی نے وقت بہت محدود رکھاہے یعنی 4؍دسمبر سے 20؍ دسمبر 2024 تک۔ جس کے6؍ دن گزر گئے اب بقیہ 14؍ دنوں میں ہمارے علما ء،ائمہ اور تنظیموں کے صدرسکریٹری خزانچی ودیگرذمہ داران کوشش کریں کہ بہار اسٹیٹ حج کمیٹی کو جو کوٹاملاہے اس کے مطابق عازمین حج فارم بھریں اور اس فریضہ کو اداکریں ورنہ ممکن ہے گھٹتی ہوئی تعداد کو دیکھ کر حکومت کہیں کوٹہ ہی کم نہ کردے ورنہ بعد بڑی دشواریوں کاسامناہوگا۔
قاضی شریعت ڈاکٹر امجدرضا امجد نے کہاکہ ادارہ شرعیہ نے اس سلسلہ میں اپنی شاخوں کے ذمہ داران کو اس کام پہ لگادیاہے۔ انہوں نے امیدظاہر کی ہے کہ ام سال ان شاء اللہ عازمین حج کی تعداد امید افزاہوگی۔