تاثیر،۲۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،21؍دسمبر: قومی دارالحکومت دہلی کے کناٹ پلیس علاقے میں واقع گوپال داس بلڈنگ میں جمعرات کو زبردست آگ لگ گئی۔ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ دوپہر ایک بجے کے قریب 11ویں منزل پر آگ لگ گئی اور جلد ہی عمارت سے دھویں کے بادل اٹھنے لگے۔ آگ لگنے کے بعد عمارت کے اندر اور اطراف میں افراتفری مچ گئی۔ تاہم راحت کی بات یہ تھی کہ عمارت کو فوری طور پر مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا۔ لوگوں کو عمارت سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی۔ جو تصویریں اور ویڑول سامنے آئے ہیں وہ کافی خوفناک ہیں۔عمارت کے اندر آگ نے بڑی شکل اختیار کر لی۔ گوپال داس بلڈنگ کے اندر درجنوں دفاتر ہیں۔ ممکنہ جانی نقصان یا آگ لگنے کی وجہ سے متعلق تفصیلات کا انتظار ہے۔ حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور تماشائیوں سے آگ بجھانے کی کوششوں میں سہولت کے لیے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل کر رہے ہیں۔تمام دفاتر کے ملازمین اور عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سے قبل سال 2016 میں بھی اس عمارت میں آگ لگی تھی اور اس کے بعد بھی آگ صرف 11ویں منزل پر لگی تھی۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی 12 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ تقریباً ایک گھنٹے کی محنت کے بعد فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا۔ حادثے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔