تاثیر،۲۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
رائے بریلی، 22 دسمبر : لکھنؤ۔پریاگراج روڈ پر بھیک گاؤں کے قریب ایک اسکول بس اور ٹرک کے درمیان ہوئے تصادم میں ڈرائیور اور ایک مزدور کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 10 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو جگت پور سی ایچ سی میں داخل کروایا گیا ہے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد تینوں کی حالت نازک ہونے پر انہیں ضلع اسپتال بھیج دیا گیا۔
لکھنؤ پریاگ راج روڈ پر جگت پور تھانہ علاقے کے بھیک کدم پلیا کے قریب جمعہ کی دوپہر تقریباً تین بجے اونچاہار ایس جے ایس اسکول کی بس اور رائے بریلی سے آرہے ایک ٹرک میں ٹکر ہوگئی۔ اس میں بس ڈرائیور کرپا شنکر اور ٹرک میں سوار مزدور کپتان (20) کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ بس میں بیٹھے اساتذہ زخمی ہو گئیں۔ تمام زخمیوں کو جگت پور سی ایچ سی میں داخل کرایا گیا ہے۔ جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ان کی حالت سنگین ہونے پر تین اساتذہ کو ضلع اسپتال بھیج دیا گیا۔
سی ایچ سی کے سپرنٹنڈنٹ پرجیش سریواستو نے بتایا کہ سڑک حادثے میں 10 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے تین کی حالت نازک ہے اور انہیں ضلع اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ٹرک کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

