تاثیر،۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جموں 2 دسمبر:نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کو کہا کہ راج بھون ناگالینڈ کی ریاست کا دن منا کر جموں و کشمیر کے لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہا ہے۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو فروغ دیتے ہوئے ناگالینڈ کی ریاستی حیثیت کا دن جمعہ کو جموں کے راج بھون میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ تاہم، ایک اور ریاست کے یوم ریاست کے جشن کا حوالہ دیتے ہوئے، عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ستم ظریفی یہ ہے کہ ناگا لینڈ کی ریاست کا دِن اْس یو ٹی میں منایا جاتا ہے جس کو ریاست سے یو ٹی بنایا گیا ہے۔جموں و کشمیر کے لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے۔ یہاں ہم راج بھون، جموں میں ناگالینڈ کی ریاستی حیثیت کا دن مناتے ہیں۔جب جموں و کشمیر کی باری آتی ہے تو یو ٹی ڈے منایا جاتا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں راج بھون میں ناگا لینڈ ریاست کو دِن منانے پر شدید برہمی کااظہار کیا۔ جموں و کشمیر کو 5 اگست 2019 کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں – جموں کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیا گیا تھا۔اور خصوصی درجے کے حامل دفعہ 370 کو بھی منسوخ کیا گیا۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے 31 اکتوبر کو یونین ٹیریٹری ڈے منایا تھا۔