راہل ڈراوڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوچ کے طور پر برقرار رکھناٹیم انڈیا کیلئے فائدہ مند: ظہیر خان

تاثیر،۱۰ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ،10دسمبر:ٹیم انڈیا کے سابق فاسٹ بولر ظہیر خان نے کوچ کے طور پر راہل ڈراوڈ کی مدت میں توسیع پر بڑا ردعمل دیا ہے۔ ظہیر خان کے مطابق راہل ڈراوڈ کو بھارتی ٹیم کا کوچ برقرار رکھا جانا چاہیے۔ ظہیر خان نے کہا کہ اگر راہل ڈریوڈ کو کوچ کے طور پر برقرار رکھا جاتا ہے تو ٹیم کو آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اس کا کافی فائدہ مل سکتا ہے۔
ہندوستان کا جنوبی افریقہ کا دورہ اتوار سے شروع ہو رہا ہے، جو راہل ڈراوڈ کا ہیڈ کوچ کے طور پر دوسرا دور ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے پر تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جون میں کھیلا جانا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت کو جنوری میں افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں بھی شرکت کرنی ہے۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا ہے کہ راہل ڈراوڈ کی مدت ملازمت میں توسیع کی تصدیق دورہ جنوبی افریقہ کے بعد کی جائے گی۔ جبکہ ظہیر خان کا خیال ہے کہ ڈراوڈ کو بطور کوچ برقرار رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہہم بہت سے کپتانوں اور نائب کپتانوں کی بات کر رہے ہیں۔ ان دنوں کرکٹ بھی بہت ہو رہی ہے۔ آپ کو تسلسل کی ضرورت ہے، جو بہت اہم ہونے والا ہے۔ آپ کو اس استحکام کی ضرورت ہے اور جب آپ چیزوں کو اس طرح منتقل کرتے ہیں تو آپ استحکام کیسے حاصل کریں گے۔ جو بھی کوچ بنتا ہے، اسے مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے اور اس تسلسل کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔ جب اچھا سیٹ اپ تیار ہو جائے تو اسے خراب کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔