تاثیر،۲۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
غزہ ،21دسمبر:غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جنگ میں ہر گذرتے گھنٹے میں تازہ ہلاکتوں کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔غزہ جنگ کو آج 76 روز ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کی کشتیوں سیغزہ کے جنوبی شہر خان یونس اور رفح کے علاقے پر گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد شہری شہید ہوگئے ہیں۔آج جمعرات کو العربیہ اورالحدث نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کی پٹی کا سب سے بڑا شہر خان یونس کے مشرق میں معن کے علاقے پر بمباری کی۔اسرائیلی کشتیوں نے بھی بحیرہ رفح میں شدید بمباری کا آغاز کیا۔ذرائع نے وضاحت کی کہ غزہ کے شمال میں بیت حانون میں بھاری مشین گنوں کے ساتھ جھڑپیں پھوٹ پڑیں جبکہ اسرائیلی توپ خانے نے جبالیہ کے کیمپ پر بھاری ہتھیاروں سے بمباری کی۔نیز غزہ کی پٹی کے وسط میں طیاروں نے البریج کیمپ پر حملہ کیا۔ غزہ کے شمال میں جبالیہ پر نئے حملے کیے۔فلسطینی ریڈیو کے مطابق بمباری کا سلسلہ جاری رہا جس میں خان یونس کو نشانہ بنایا گیا۔ وہاں پر ہزاروں بے گھر افراد جمع ہیں۔فلسطینی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی پر جاری جنگ کے 76 ویں روز آج جمعرات کو اسرائیلی طیاروں اور توپ خانے نے وسطی اور شمالی غزہ میں البریج پناہ گزین کیمپ اور جبالیہ کو نشانہ بنایا۔ادھر غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس میں فوجی آپریشن جاری ہے۔اسرائیل نے اس شہر کے ایک بڑے علاقے کو خالی کرنے کا حکم دیا جو کہ جنوبی غزہ کی پٹی کا سب سے بڑا شہر ہے جہاں ڈھائی ماہ سے جاری جنگ سے بے گھر ہونے والے بہت سے فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے خان یونس کے علاقے کے “تقریباً 20 فیصد” پر محیط علاقے کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دیا۔کل بدھ کو خان یونس کے ایک علاقے پر اسرائیلی بمباری 25 افراد شہید ہوگئے۔درایں اثناء فلسطینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے کئی شہروں اور قصبوں پر دھاوا بول دیا۔اسرائیلیی فوج نے اریحا میں عین السلطان کیمپ اور شمالی مغربی کنارے میں قلقیلیہ، جنوب میں الخلیل میں بیت امر، بنی نعیم ، الظاہریہ کے قصبے اور جنین کے مغرب میں یعبد میں دراندازی کی۔ایک پیادہ فورس نے بھی یعبد پر دھاوا بول دیا جہاں خوفناک جھڑپیں ہوئیں۔ اسرائیلی فورسز نے براہ راست گولیاں چلائیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اسرائیلی فورسز بیت لحم کے مشرق میں واقع قصبے طوق میں بھی داخل ہوئیں اور ایک نوجوان کو نعلین قصبے میں اس کے گھرپر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔قابل ذکر ہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد غزہ کی پٹی میں 20 ہزار افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں 8000 بچے اور 6200 خواتین شامل ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق زخمی فلسطینیوں کی تعداد 52,600 تک پہنچ گئی جب کہ 6,700 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔