تاثیر،۱۵ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
ریاض،15دسمبر: سعودی نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیولپمنٹ اینڈ کمبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن (سبزیوں کی کاشت کی ترقی اور صحرا بندی کا مقابلہ کرنے کا قومی ادارہ) نے 100,000 درخت لگانے کا آغاز کیا ہے جو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں متعدد مجوزہ مقامات پر 10 لاکھ درخت لگانے کے اقدام کا حصہ ہے۔”سعودی عرب میں کاشت کردہ پودوں کی بحرین میں نشوونما” کے عنوان سے اس اقدام کا مقصد بحرین میں سبزہ زاروں میں اضافہ، حیاتیاتی تنوع کا تحفظ، شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا اور صحرا بندی کا مقابلہ کرنا ہے۔اس اقدام کے پہلے مرحلے میں 30,000 کافور اور سدر (بیری) کے درختوں کو منامہ میں نامزد مقامات پر منتقل کیا گیا اور شجر کاری کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے مزید 70,000 ببول اور سدر کے درختوں کو منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔اس موقع پر بحرین کے وزیر برائے امورِ بلدیہ و زراعت نے کہا کہ یہ اقدام بحرین کی جنگلات کاری کی قومی حکمتِ عملی سے مطابقت رکھتا ہے اور سعودی عرب کی قیادت میں ایک سرسبز شرقِ اوسط کے علاقائی اقدام کے نفاذ کے لیے کیا گیا ہے۔