تاثیر،۱۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
ارریہ (اسرار عادل عالیاوی) 13 دسمبر / امر بالمعروف اور نہی عن المنکر امت مسلمہ پر ضروری ہے، سماج میں پائی جانے والی برائیوں کو کبھی بھی نظرانداز نہیں کیا جانا چاہئے بلکہ اسے ایمان کا تقاضا قرار دیا جانا چاہئے کہ مومن برائی کو برائی سمجھے اور حتی الوسع اس کی روک تھام کی کوشش کرے۔ قرآن کریم نے اخلاق اور حقوق کےادا کرنے پر پورا زور دیا ہے۔ اس لئے ہم سبھی کو چاہئے کہ سماج و سوسائٹی میں پھیلی ہوئی برائیوں کی روک تھام کے لئے حتی الامکان کوشش کریں مذکورہ بالا باتیں سیمانچل کی معروف علمی شخصیت حَسَنہ ایجوکیشنل ٹرسٹ (ارریہ) کے چیئرمین آل بہار شیر شاہ آبادی ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر فضیلۃ الشیخ ابو حارث مفیض الدین الریاضی حفظہ اللہ نے مؤرخہ 12 دسمبر 2023 بوقت تقریباً رات نو بجے مدرسہ مصباح العلوم اعظم نگر ،ٹھاکر گنج، کشن گنج کے چھتیسواں سالانہ ایک روزہ دعوتی عظیم الشان اجلاس عام میں اپنے صدارتی خطاب میں بیان کیا۔
مولانا مفیض الدین الریاضی صاحب نے کلیدی خطاب کو جاری رکھتے ہوئے فرمایا کہ آج ہمارے سماج و سوسائٹی کا صورتِ حال ہمارے سامنے ہے، سودی لین دین اور بدکاری کے فروغ نے وہ شکلیں اختیار کرلی ہیں کہ ان کا تصور بھی لرزہ طاری کردیتا ہے،بے حیائی، بے پردگی اور بدکاری کی لعنت اللہ کے قہروعذاب کو دعوت دیتی ہے۔اس وقت پوری دنیا میں فحاشی کا جو سیلاب بلاخیز آیا اور چھایاہوا ہے، وہ قربِ قیامت کی علامت ہے۔
شیخ مفیض الدین الریاضی حفظہ اللہ نے اپنے خطاب کے اخیر میں کہا کہ والدین کے حقوق ہوں یا رشتہ داورں کے حقوق یا پھر پڑسیوں کے یا عام انسانوں کے جھوٹ، جھوٹی گواہی، حسد، غیبت، بہتان، تمسخر، کبر وغرور، فتنہ وفساد، چوری، ناحق قتل، ظلم وتشدد، ڈاکہ زنی، رہزنی، دھوکہ دہی اور باہمی کشیدگی سے روکا ہے کیونکہ یہ چیزیں سماج کو کھوکھلا کرنے والی ہیں۔ الغرض پورا معاشرہ گناہوں کی دلدل میں گردن تک دھنسا ہوا ہے، اس لئے اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ ہم اس کا ادراک کریں۔ اِس عظیم الشان جلسہ میں قرب و جوار سے کثیر تعداد میں علماء کرام کے ساتھ ساتھ لوگوں نے بھی شرکت کی خاص طور پر ممتاز الاسلام عرفانی (چوبیس پرگنہ کولکاتہ) مزمل حق مدنی، عبدالکریم جامعی، آفتاب اظہر صدیقی، مولانا عبدالقادر ، مولانا عیش الرحمٰن، محمد تفضل حق، مبارک آزاد، آفاق عالم ، منیر لطیف سلفی، مولانا سراج الدین ، مولانا نسیم اختر وغیرہم قابل ذکر ہیں۔