تاثیر،۱۵ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 15 دسمبر: سپریم کورٹ نے ترنمول کانگریس لیڈر مہوا موئترا کی عرضی پر سماعت 3 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔ جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ وہ درخواست کو پڑھنے کے بعد سماعت کرے گی۔
مہوا موئترا نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی ہے جس میں اس کے خلاف اخلاقیات کمیٹی کی سفارش اور اس کے بعد لوک سبھا کی طرف سے قرارداد کی منظوری کو غلط قرار دیا گیا ہے۔
لوک سبھا نے 8 دسمبر کو مہوا موئترا کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کر دی تھی۔ پارلیمنٹ کی ایتھکس کمیٹی نے مہوا موئترا کے پیسوں کے لیے سوال پوچھنے کے الزامات کو سچ مانتے ہوئے پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کرنے کی سفارش کی تھی۔ مہوا موئترا پر بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے پیسے لینے کے بعد سوال پوچھنے کا الزام لگایا تھا۔ موئترا پر الزام تھا کہ اس نے ایک تاجر درشن ہیرانندانی سے اڈانی کے بارے میں سوالات پوچھنے کے لیے پیسے لیے اور اپنا لاگ ان پاس ورڈ بھی ہیرانندانی کے ساتھ شیئر کیا۔