سڈنی ایئرپورٹ پر پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنا سامان خود ٹرک پر رکھا

تاثیر،۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

سڈنی،2دسمبر:پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز کیلئے کینبرا پہنچ گئی، سڈنی ایئرپورٹ پر پاکستانی پلیئرز نے اپنا سامان خود ٹرک پر رکھا، جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے وقت بچانے کیلئے اپنا لگیج خود ٹرانسفر کیا۔قومی ٹیم 6 سے 9 دسمبر تک پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ کھیلے گی۔ پہلے ٹیسٹ کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا۔قومی کرکٹرز طویل مسافت کے بعد آج صبح پاکستان سے آسٹریلیا پہنچے تھے۔پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا سے سیریز کیلیے آج صبح سڈنی سے کینبرا پہنچی جہاں ٹیم کل آرام کے بعد 3 دسمبر سے اپنی ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔5 دسمبر کو قومی اسکواڈ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البنیز کی خصوصی دعوت پر پرائم منسٹر ہاؤس جائے گا۔پاکستان ٹیم 6 سے 9 دسمبر تک پرائم منسٹر الیون کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں حصہ لے گی، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14دسمبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے ملبورن میں، جبکہ سڈنی میں تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 جنوری کو شروع ہوگا۔یاد رہے کہ آسٹریلیا کے دورے میں قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے، جبکہ ان کے ساتھ ٹیم اسکواڈ میں دیگر تجربہ کار کھلاڑی سرفراز احمد، بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی، شاہین آفریدی اور امام الحق شامل ہیں۔