تاثیر،۱۷ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ،17دسمبر:جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج جوہانسبرگ کے نیو وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔جہاں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ونڈے سیریز میں فاتحانہ آغاز کیا۔ ارشدیپ سنگھ اور آویش خان نے پہلے ونڈے میں جنوبی افریقہ کو تباہ کیا جس سے میزبان ٹیم 27.3اوور میں 116رن پر سمٹ گئی۔ ارشدیپ نے پنجا کھولا ۔ انہوں نے دس اوور میں 37رن دے کر پانچ وکٹ لئے ۔ آویش نے 8اوور میں 27رن دے کر 4شکار کئے۔ اسپنر کلدیپ یادو نے ایک وکٹ لیا۔ وہیں بھارت نے 117رن کا ٹارگیٹ16.4میں دو کوٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔
اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے دو گیند بازوں کے سامنے افریقی بلے باز ڈھیر ہو گئے اور اننگز 116 رنز کے مجموعی سکور پر سمٹ گئی۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے 5 جبکہ اویش خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے بیٹنگ کرنے آئی جنوبی افریقی ٹیم کو پہلا جھٹکا ریس ہینڈرکس کی صورت میں لگا۔ ارشدیپ سنگھ نے ہینڈرکس کو صفر پر پویلین بھیج دیا اور اس کے فوراً بعد اگلی گیند پر رسی وین ڈیر ڈوسن بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی ارشدیپ کا شکار بن گئے۔ 3 رنز پر 2 وکٹیں گنوانے کے بعد ٹونی ڈی جارجی نے طوفانی شاٹس کھیلے اور کپتان مارکرم کے ساتھ مل کر 39 رنز جوڑے۔ ٹونی ڈی جارجی نے 22 گیندوں پر 28 رنز بنائے جس میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ارشدیپ نے ٹونی کا وکٹ لیا اور اس کے بعد وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ ایڈن مارکرم 12 رنز بنانے کے بعد آویش خان کا شکار بنے۔
مڈل آرڈر میں ہینرک کلاسن 6 رنز بنانے کے بعد ارشدیپ کا شکار بنے جب کہ ڈیوڈ ملر 2 اور ویان مولڈر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے، کیشو مہاراج بھی 4 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ آویش خان نے ملر، مولڈر اور مہاراج کی وکٹیں لیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اینڈیل پھیلوکوایو نے سب سے زیادہ 33 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ٹیم انڈیا کے لیے ارشدیپ سنگھ نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی بار 5 وکٹ لیے جبکہ اویش خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کلدیپ یادیو نے آخری وکٹ حاصل کی اور جنوبی افریقہ کی اننگز کو 116 رنز پر سمیٹ دیا۔

