تاثیر،۲۰ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
غزہ ،20دسمبر:غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں جس میں صیہونی افواج کے ایک روز کے دوران حملوں میں 100 فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطین کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہیکہ اسرائیل نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کی جس میں ایک دن میں 100 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر مغربی کنارے پر چھاپے مارے جہاں طوباس شہر میں چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا، اس دوران کئی فلسطینی شہری زخمی بھی ہوئے۔اسرائیل کا غزہ کے زمینی آپریشن میں جانی نقصان بڑھنے لگا، افسر سمیت مزید 5 فوجی ہلاک۔ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فورسز نے چھاپے کے دوران براہ راست فائرنگ کی جس میں ایک 16 سالہ لڑکا زخمی ہوا جب کہ اسرائیل فوج نے اس دوران دو گھروں کو بھی مسمار کردیا۔علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا کہنا ہیکہ غزہ میں پینے کا صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے آئندہ دنوں میں متعدد بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہیکہ غزہ میں لڑائی کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا جب کہ اس دوران ایک فوجی شدید زخمی بھی ہوا ہے۔

