مذہب کی سیاست بندہونی چاہئے، تمام مذاہب کا احترام ضروری : ممتا

تاثیر،۲۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ، 28 دسمبر: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کو مرکز کی بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے اس پر مذہب کی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے پارٹی نظریات سے قطع نظر تمام مذاہب کا احترام کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ بنرجی، جو شمالی 24 پرگنہ ضلع کے چکلا میں بابا لوک ناتھ مندر میں پوجا کرنے پہنچی تھیں، انہوںنے کہا کہ انتخابات کے دوران مذاہب کی سیاست بند ہونی چاہئے۔ بنرجی نے کہا کہ دنیا بھر میں کوئی بھی مذہب تشدد کی وکالت نہیں کرتا بلکہ ہمدردی، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے۔ کسی کا نام لیے بغیر، ترنمول کانگریس کے سربراہ نے کہا، ”ہمیں تمام مذاہب کا احترام کرنا چاہیے۔ دنیا کا کوئی مذہب ہمیں تشدد کا پرچار کرنے کی تعلیم نہیں دیتا۔ تمام مذاہب ہمیں زیادہ ہمدردی اور محبت اور بھائی چارہ پھیلانے کا درس دیتے ہیں۔ ہم صرف انتخابات کے وقت یا سیاست کرنے کے لیے مذاہب کے احترام پر یقین نہیں رکھتے۔
بنرجی نے مغربی بنگال کو نہ صرف پسندیدہ سیاحتی مقام بلکہ مذہبی سیاحت کے مرکز کے طور پر شناخت کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں بہت سے مذہبی مقامات ہیں جنہیں ریاستی حکومت سیاحتی مقامات کے طور پر فروغ دے رہی ہے۔