تاثیر،۳۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 31 دسمبر: مرکزی حکومت نے تحریک حریت پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے ) کے تحت کی گئی ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کی حامی یہ تنظیم بھارت مخالف پروپیگنڈے میں ملوث ہے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے سوشل میڈیا پر یہ جانکاری دی۔ انہوں نے لکھا، ‘تحریک حریت، جموں و کشمیر (ٹی ای ایچ) کویو اے پی اے کے تحت غیر قانونی تنظیم قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جو بھی شخص یا تنظیم بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اسے فوری طور پر روک دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم جموں و کشمیر کو ہندوستان سے الگ کرنے اور اسلامی حکومت قائم کرنے کی ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تحریک حریت جموں و کشمیر کی ایک علیحدگی پسند سیاسی جماعت ہے۔ اس کی بنیاد 07 اگست 2004 کو سید علی شاہ گیلانی نے اپنی پرانی جماعت جماعت اسلامی کشمیر کو چھوڑنے کے بعد رکھی تھی۔

