ملبورن ٹیسٹ: آسٹریلیا کی پاکستان پر 241 رن کی برتری،پاکستانی ٹیم پر کنگارؤں کاشکنجہ

تاثیر،۲۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ملبورن، 28دسمبر:ملبورن ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 6 وکٹ پر 187 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 241 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔آج تیسرے دن پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں 264 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے بعد آسٹریلیا نے دوسری اننگ 54 رنز کی برتری کے ساتھ شروع کی تو ابتدا سے ہی پاکستانی فاسٹ بولرز نے شاندار بولنگ کی۔دوسری اننگ میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر گر گئی، عثمان خواجہ کو صفر پر شاہین شاہ آفریدی نے کیچ آؤٹ کرایا۔تیسرے اوور میں دوسری وکٹ بھی شاہین آفریدی نے ہی حاصل کی، اس مرتبہ انہوں نے مارنس لبوشین کو 4 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ابتدائی دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوسرے اینڈ سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے میر حمزہ نے بھی وکٹیں حاصل کرناشروع کردیں۔آسٹریلوی اننگ کے 5.1 اوور میں میر حمزہ نے ڈیوڈ وارنر کو 6 رنز پر بولڈ کیا جس کے بعد انہوں نے اگلی ہی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو بھی بولڈ کیا۔بہت جلد 4 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی بیٹر اسٹیون اسمتھ اور مچل مارش نے پارٹنرشپ قائم کی، اس دوران مچل مارش نے 70 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی۔اسٹیون اسمتھ اور مچل مارش کی پارٹنرشپ کی بدولت آسٹریلیا نے میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کی جس کے بعد 49.5 اوورز میں میر حمزہ نے آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ حاصل کرلی، انہوں نے مچل مارش کو 96 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 62.3 اوورز میں 187 رنز پر گری جب اسٹیون اسمتھ کو 50 رنز پر شاہین آفریدی نے کیچ آؤٹ کرایا۔اس سے قبل کھیل کے تیسرے روز آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگ میں پاکستان کی ٹیم 264 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان نے میچ کے تیسرے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے اپنی اننگز شروع کی تو وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 42 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی بال پر آؤٹ ہوئے۔شاہین آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ 2، 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ عامر جمال 33 رنز بنا سکے۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، نیتھن لائن نے 4 اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔میچ کے دوسرے دن عبداللہ شفیق 62، شان مسعود 54 اور امام الحق 10 رنز بنا کر آو?ٹ ہوئے۔سعود شکیل 9 اور سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور انہیں کپتان پیٹ کمنز نے ایک رن پر بولڈ کیا۔