تاثیر،۲۹ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
ملبورن، 29دسمبر:ملبورن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور گرین کیپس کو میچ میں 79 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور عبد اللہ شفیق چار رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ 12 کے انفرادی اسکور پر امام الحق بھی پویلین لوٹ گئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جو 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بابر اعظم 41 رنز بنا کر جوش ہیزل وڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ سعود شکیل 24 رنز بنا کر اسٹارک کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے، محمد رضوان بھی 35 رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار بنے جبکہ عامر جمال بھی بغیر کوئی رن بنائے پیٹ کمنز کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔سلمان علی آغا نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ بھی صفر پر ہی آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 4 وکیٹیں مچل اسٹارک کے حصے میں آئیں اور ایک کھلاڑی کو جوش ہیزل وڈ نے شکار بنایا۔قبل ازیں کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 186 رنز 6 کھلاڑی پر کیا اور پوری ٹیم 262 رنز پر آؤٹ ہو گئی، ایلکس کیری نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کے مچل مارش 96 رنز بنا آؤٹ ہوئے تھے جبکہ اسٹیو اسمتھ 50، پیٹ کمنز 16، نیتھن لائن 11 اور مچل اسٹارک 9رنزبنا کر پویلین لوٹے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں عامر جمال کے حصے میں آئیں۔ڈیوڈ وارنر 6، مارنس لبوشین 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ کھاتہ ہی نہ کھول سکے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری میلبرن ٹیسٹ میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے پاکستان پر 241 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔تیسرے دن کے آغاز پر پاکستانی بلے بازوں محمد رضوان اور عامر جمال نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے کھیل کی شروعات کی تھی۔محمد رضوان 51 گیندوں پر 42 رنز بناکر کمنز کی گیند پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد شاہین آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ اسکور میں صرف 2-2 رنز کا اضافہ کر پائے جبکہ عامر جمال 80 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا نے جب اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو شاہینوں نے ان پر تابڑ توڑ حملے کیے، اننگز کی دوسری ہی گیند پر شاہین نے عثمان خواجہ کو چلتا کیا جب کہ لنچ سے پہلے لبوشین کو بھی میدان بدرکردیا۔4 وکٹیں گرنے کے بعد مچل مارش اور اسمتھ نے بیٹنگ کو سنبھالا اور دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم مچل مارش سنچری کے قریب پہنچ کر 96 رنز پر میر حمزہ کا شکار بنے جس کے بعد اسٹیو اسمتھ بھی 50 رنز بنا کر187 کے مجموعے پر شاہین آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔میچ کے دوسرے روز پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن امام الحق 10 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 124 رنز پر پہنچایا تو عبداللہ شفیق 62 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔بابر اعظم بھی صرف ایک رن پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، شان مسعود بھی 54 رنز پر ناتھن لیون کو چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ سعود شکیل نے 9 رنز کی اننگز کھیلی۔سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے، محمد رضوان 29 اور عامر جمال 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

