نئے سال سے قبل کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 39 روپے کی کمی

تاثیر،۲۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 22 دسمبر: مرکزی حکومت نے 19 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کمی کی ہے۔ اس کمی کے بعد 19 کلو کے کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں 39 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ تاہم حکومت کے اس قدم سے گھریلو خواتین کو کوئی ریلیف نہیں ملا ہے کیونکہ گھر میں استعمال ہونے والے 14 کلو وزنی ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
دہلی میں تجارتی سلنڈر کی قیمت کٹوتی کے بعد 1,796.50 روپے سے کم ہو کر 1,757.50 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح ممبئی میں اس کی قیمت 1,749 روپے سے کم ہو کر 1,710 روپے ، کولکاتہ میں 1,908 سے 1,869 روپے اور چنئی میں 1,968.50 روپے سے کم ہو کر 1,929.50 روپے ہو گئی ہے۔ اس سے قبل یکم دسمبر کو کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 21 روپے فی سلنڈر کا اضافہ کیا گیا تھا۔
پچھلے کچھ عرصے سے کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت ہر ماہ تبدیل ہو رہی ہے۔ دسمبر سے پہلے 16 نومبر کو کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 57 روپے کی کمی کی گئی تھی جبکہ اس سے پہلے یکم نومبر کو اس کی قیمت میں 100 روپے فی سلنڈر کا اضافہ ہوا تھا۔اگر ہم گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی بات کریں تو اگست 2023 سے اس کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ آخری بار 30 اگست کو گھریلو ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے کی کمی کی گئی تھی۔ اس کٹوتی کے بعد دہلی میں گھریلو ایل پی جی گیس سلنڈر 903 روپے کی قیمت پر دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ کولکتہ میں ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت 929 روپے اور ممبئی میں 902.50 روپے ہے۔