والدین اپنے بچوں کی اعلیٰ تعلیم اور تربیت پر خصوصی توجہ دیں مولانا انیس الرحمٰن قاسمی

تاثیر،۱۵ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

مدھے پورہ (پریس ریلیز ( آل ملی کونسل بہار کا ایک وفد ان دنوں سوپول اور مدھے پورہ کے دورہ پر ہے مختلف جگہوں پر پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے ملی کونسل کے اغراض ومقاصد سے لوگوں کو آگاہ کرکے ملی کونسل کے مشن تعلیم 2050 کو کامیاب بنانے کی کوشش کی جارہی گذشتہ کل جمعرات کو ضلع مدھے پورہ کے مشہور ومعروف تعلیمی ادارہ مدرسہ رحیمیہ گاڑھا میں موجودہ حالات اور بحیثیت خیر امت ہماری ذمہ داریاں کے عنوان سے منعقد عظیم الشان اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی پوری انسانیت کے لیے نمونہ ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بعثت کے جو دو اہم اور بڑے مقاصد ذکر کیے ہیں، ان میں ایک تعلیم ہے اور دوسرا اخلاق ہے۔ان دو صفتوں سے جو شخص خود کو آراستہ کر لے گا، اس کے لیے دنیا و آخرت میں کامیابی کے دروازے کھل جائیں گے۔ یہ وہ دو صفات ہیں جن سے انسان دلوں میں اپنی جگہ بناتا ہے۔ آج کے ترقی یافتہ دور میں علم کے بغیر ایک قدم بھی اٹھانا اپنے آپ کے لیے تباہی کا سامان کرنا ہے، ہر قدم پر آپ کو علم و اخلاق کی ضرورت پڑے گی، آل انڈیا ملی کونسل چاہتی ہے کہ سماج اور ملک کا ہر فرد تعلیم یافتہ ہو اور وہ صرف تعلیم یافتہ نہیں بلکہ اعلیٰ اخلاق کا حامل بھی ہو، اسی لیے آل انڈیا ملی کونسل نے مشن تعلیم 2050کے نام سے تحریک چلا رکھی ہے۔علاقہ میں جو لوگ بھی تعلیم و تدریس سے وابستہ ہیں، ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسے محلوں، خاندانوں اور علاقوں کا سروے کریں جہاں تعلیم کی روشنی نہیں پہونچی ہے،یا کم پہونچی ہے پھر اس سروے کے مطابق اگلے پانچ سال کا لائحہ عمل طے کریں انہوں نے کہا کہ والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی اعلیٰ تعلیم اور اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ اور نوجوانوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے وقت، اپنی محنت اور اپنی صلاحیتوں کا بیشتر حصہ وہ علم کے حصول اور اپنے مستقبل کو سنوارنے میں صرف کریں۔ آل انڈیا ملی کونسل کے جوائنٹ جنرل سکریٹری مولانا محمد ابو الکلام شمسی نے بھی اپنی تقریروں میں ملی کونسل کے اغراض و مقاصد کو بیان کرتے ہوئے خاص طور پر مشن تعلیم 2050سے جڑنے اور سو فیصد تعلیم کے ہدف کو پورا کرنے پر زور دیا۔ مولانا محمد نافع عارفی کارگزار جنرل سکریٹری نے اپنی تقریروں میں قرآن کریم کی سورہ عصر کے حوالہ سے لوگوں کو ایمان و عمل صالح اوراور امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی تلقین کی۔ ان کے علاوہ مختلف پروگراموں میں مولاناسید محمد عادل فریدی سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار، مولانا مفتی جمال الدین قاسمی و مولانا نور عالم رحمانی کے علاوہ مولانا ضیاء اللہ رحمانی بانی و ناظم کلیہ عائشہ صدیقہ، حضرت مولانا عبد القیوم قاسمی بشن پور مدھے پورہ، مولانا نور اللہ ندوی مدرسہ اسلامیہ مدھے پورہ،مولانا نیاز قاسمی استاذ مدرسہ رحیمیہ گاڑھا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اصلاح معاشرہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جناب پرویز صاحب نے قائد وفد حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب کی خدمت میں سپاس نامہ بھی پیش کیا، جس کو ان کی طرف سے مولانا نیاز صاحب قاسمی استاذ مدرسہ رحیمیہ گاڑھا نے پڑھ کر سنایا