ورلڈ کپ انڈیا کے ہاتھوں سے کیوں نکلا؟ بی سی سی آئی کے سوال پر کوچ راہل داوڑ نے ہار کا ٹھیکرا پچ کے سر پھوڑ دیا

تاثیر،۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،3دسمبر:ہندوستانی ٹیم اور کپتان روہت شرما کے لئے سب سے بڑا مشن ونڈے ورلڈ کپ تھا۔ میگا ایونٹ کے آغاز سے ہی ہندوستان ٹیم خطاب کی دعویدار نظر آئی۔ روہت اینڈ کمپنی نے سیمی فائنل سمیت لگاتار 10 میچ جیتے لیکن فائنل میں آسٹریلیا نے ٹیم انڈیا کو شکست دیدی، جس کے بعد کئی سوالات اٹھائے گئے، کچھ لیجنڈوں نے ٹیم کی کارکردگی پر نشانہ سادھا تو کچھ نے آسٹریلیا کی تعریف کی، لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق جب کپتان روہت شرما اور کوچ راہل دراوڑ سے شکست کی وجہ پوچھی گئی تو کوچ نے پول کھول دی۔بی سی سی آئی حکام نے ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کے ساتھ میٹنگ کی۔ میگا ایونٹ کے بعد کپتان روہت شرما لندن میں چھٹیاں گزار رہے ہیں، جس کی وجہ سے ہٹ مین ویڈیو کال کے ذریعے میٹنگ میں شامل ہوئے۔اس میٹنگ میں جنوبی افریقہ کے دورہ کے لئے ٹیموں کے انتخاب اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ، نائب صدر راجیو شکلا سمیت کچھ عہدیداروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔ رپورٹ کے مطابق بورڈ حکام نے کوچ راہل دراوڑ سے ورلڈ کپ فائنل میں ٹیم انڈیا کی شکست کی وجہ کے بارے میں سوال کیا۔رپورٹ کے مطابق دراوڑ نے ہار کے لئے احمد آباد کی پچ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پچ نے اتنا ٹرن نہیں دیا جتنا ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ کو توقع تھی۔ اس شکست کی سب سے بڑی وجہ یہی تھی۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان فائنل میچ کے لئے پرانی پچ استعمال کی گئی تھی۔ یہ میچ اس پچ پر کھیلا گیا تھا، جس پر اس سے پہلے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ ہوا تھا۔ پہلی اننگز میں ہندوستانی ٹیم کو مڈل اوورز میں رنز کے لئے جدوجہد کرنا پڑا تھا۔ وہیں آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں بلے بازی میں مدد ملی اور کنگارو ٹیم نے 241 رنز کا ہدف 7 اوورز باقی رہتے ہوئے حاصل کر لیا تھا۔