وزیر اعظم مودی کی قیادت میں شمال مشرقی ریاستوں میں نو سالوں میں سب سے زیادہ ترقی ہوئی: سونووال

تاثیر،۱۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 13 دسمبر: مرکزی وزیر سربانند سونووال نے کہا کہ گزشتہ نو سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں شمال مشرقی ریاستوں میں سب سے زیادہ ترقی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم کی گارنٹی شمال مشرقی ریاستوں میں جھلک رہی ہے۔ سونووال نے بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور میں شمال مشرقی ریاستوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا۔ وہاں نہ سڑکیں تھیں اور نہ ہی کوئی انفراسٹرکچر۔ صرف بدامنی تھی۔ امن و امان کی صورتحال ابتر گتھی ۔ لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے تھے ۔ اس کے برعکس گزشتہ ساڑھے نو سالوں میں نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے مخلوط حکومت نے وہاں کے ہر صوبے کو ترقی کی راہ پر لانے اور امن و قانون کے نظام کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج شمال مشرقی ریاستیں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
سربانند سونووال نے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں مرکزی وزرا نے شمال مشرقی ریاستوں کا 362 بار دورہ کیا۔ گزشتہ نو سالوں میں یہ تعداد 800 سے زیادہ ہے۔ وزیر اعظم خود 64 بار شمال مشرقی ریاستوں کا دورہ کر چکے ہیں۔ گزشتہ 70 سالوں میں کسی وزیر اعظم نے ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ نو سالوں میں مرکزی حکومت نے شمال مشرقی ریاستوں کو 5 لاکھ کروڑ روپے کی گرانٹ دی ہے۔ اس عرصے کے دوران ان ریاستوں میں ہوائی اڈوں کی تعداد نو سے بڑھ کر 17 ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ان ریاستوں کو ترقی کی راہ پر لے جانے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے پورے جوش و خروش سے اسے انجام دیا ہے۔ شمال مشرقی ریاستیں آج دنیا کے نقشے پر ایک خاص مقام رکھتی ہیں۔ اس دوران ایک ہزار سے زائد عسکریت پسند ہتھیار ڈال چکے ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں میں سڑک کے شعبوں، ریلوے، آبی گزرگاہوں، اسکولوں اور کالجوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔