تاثیر،۲۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
چھپرہ (نقیب احمد)
سونپور-چھپرہ ریلوے سیکشن پر بدھ کو اس وقت افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا جب گولڈن گنج اور بڑا گوپال اسٹیشنوں کے درمیان نئی دہلی سے دربھنگہ جانے والی بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس کی اے سی بوگی کے پہیے سے اچانک دھواں نکلنے لگا۔دھواں نکلتا دیکھ کر ایک مسافر نے شور مچانا شروع کر دیا۔اس کے بعد ٹرین میں افراتفری کا ماحول بن گیا اور مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔کسی طرح ڈرائیور کو اس کی اطلاع ڈرائیور کو دی گئی۔اطلاع ملنے کے بعد ڈرائیور اور گارڈ نے سمجھداری سے ٹرین روک کر پہیہ چیک کیا۔زیادہ گرمی کی وجہ سے پہیے سے گریز نکل کر جم گئی تھی اور گرمی کی وجہ سے اس سے دھواں اٹھنے لگا تھا۔جب ٹرین میں سوار مسافروں کو دھوئیں کی وجہ کی اطلاع ملی تو انہوں نے راحت کی سانس لی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے ملازمین فوری طور پر موقع پر پہنچے اور گریز کو صاف کیا۔اس کے بعد ٹرین کو آگے روانہ کیا گیا۔تاہم اس کے بعد سونپور ریلوے ڈویژن کے کنٹرول نے ٹرین کو سونپور اسٹیشن پر روک کر باریک بینی سے جانچ کی۔ٹرین کی فٹنس درست پائے جانے کے بعد ٹرین کو آگے روانہ کیا گیا۔اس سلسلے میں ایسٹ سنٹرل ریلوے سونپور کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر نے کہا کہ یہ ایک نارمل معاملہ ہے۔بریک بینڈنگ کی وجہ سے دھواں نکلنا شروع ہو جاتا ہے۔بعض اوقات ایسے واقعات رگڑ کی وجہ سے بھی ہوتے ہیں۔یہ معمول کی بات ہے۔آگ لگنے کی خبر محض افواہ ہے۔

