تاثیر،۱۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،13؍دسمبر:: پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی میں بڑی کوتاہی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بدھ کو دو افراد نے سامعین گیلری سے چھلانگ لگا دی۔ جس کے بعد دونوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد لوک سبھا کی کارروائی بھی فی الحال ملتوی کر دی گئی ہے۔بعد میں اندر داخل ہونے والوں میں سے ایک نے لوک سبھا کے اندر میز پر ادھر ادھر چھلانگیں لگانا شروع کر دیں۔ اس دوران اس شخص نے فلوروسینٹ گیس کا چھڑکاؤ کیا۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ دو مختلف گروہ ہیں۔ ایک نے پارلیمنٹ کے اندر اور دوسرے نے باہر واردات کی۔ دہلی پولیس نے باہر کے لوگوں کو پکڑ لیا ہے جبکہ اندر موجود شخص کو پارلیمنٹ کی سیکورٹی نے حراست میں لے لیا ہے۔اس واقعے کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے، جس میں ایک شخص ہاتھ میں کچھ لے کر لوک سبھا کے اندر میز پر کودتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملے کی آج 22ویں برسی ہے۔ ایسے میں لوک سبھا میں داخل ہونے اور میز پر چھلانگ لگانے والے نامعلوم شخص کی تصویروں کے بعد سیکورٹی کو لے کر کئی سوال اٹھ رہے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ جو ویڈیو سامنے آیا ہے، اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہاں موجود ممبران پارلیمنٹ بھی لوک سبھا میں داخل ہونے والے اس شخص کو پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

