پاکستان میں باقاعدہ حج پلان کی قرعہ اندازی 28 دسمبر کو

تاثیر،۲۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد، 23 دسمبر: پاکستان کی وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے اعلان کیا ہے کہ باقاعدہ حج پلان کے لیے قرعہ اندازی 28 دسمبر کو ہوگی۔ اس منصوبے کے لیے وزارت کو 66,000 سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
پاکستان کے معروف نیوز براڈکاسٹر جیو نیوز نے وزارت کے ترجمان محمد عمر بٹ کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال تقریباً 1,79,000 شہری حج کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے ایئر لائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 2 جنوری 2024 تک اپنے حج فلائٹ شیڈول جمع کرائیں۔
جیو نیوز کے مطابق حکومت نے حج 2024 کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ موبائل ایپلیکیشن لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے تیار کیا ہے۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو کسی مرد ساتھی کے بغیر حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔