پروفیسر کُشیشور پرساد یادو سمستی پور کالج کے پرنسپل بنے

تاثیر،۲۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

 سمستی پور:23/دسمبر( محمد خورشید عالم) سمستی پور کالج شعبہ کیمیا کے صدر پروفیسر کُشیشور پرساد یادو کو کالج کے پروفیسر انچارج (پرنسپل) بنائے جانے پر پوری کالج برادری  اور شہر کی مختلف شخصیات نے انھیں مبارکباد پیش کی ہے اور مسرت و طمانیت کا اظہار کیا ہے۔ کالج کے صدر شعبہ اُردو  ڈاکٹر محمد صفوان صفوی نے یونی ورسٹی سے نوٹی فکیشن آنے کے بعد سنیچر کے دن نئے پرنسپل کا ان کے چیمبر میں گلدستہ اور ہار سے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر شعبہ اُردو کی استاد ڈاکٹر صالحہ صدیقی کے علاوہ کالج کے متعدد اساتذہ اور نان ٹیچنگ ملازمین موجود تھے جن میں پرفیسر سچدانند تیواری، ڈاکٹر جیتندر کمار، ڈاکٹر سرویش کمار، ڈاکٹر وِشوناتھ ساہ، اور ملازمین میں لائبریرین شری راج دیو رائے اور ورون کمار کے نام خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔ اس موقع پر زولوجی ڈپارٹمنٹ کے بزرگ استاد پروفیسر سچدانند تیواری نے بھی ان کی کا میابی پر انھیں مبارکباد دی اور حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا کہ پروفیسر کُشیشور پرساد یادو ایک بہترین استاد اور بہترین ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ فی الوقت ان کا پرنسپل ہونا کالج کی خوش قسمتی کی نشانی ہے۔ انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ کالج ان کی زیرِ قیادت ترقی کی نئی بلندیوں کو چُھو سکے گا۔ ہیڈ ڈپارٹمنٹ آف اُردو ڈاکٹر محمد صفوان صفوی نے کہا کہ پروفیسر کشیشور صاحب کا پرنسپل ہونا باطل کی شکست اور حق کی فتحیابی ہے۔ وہ ایک قابل استاد، دوراندیش مدبر و منتظم اور خوش اخلاق انسان ہیں۔ انھوں نے ماضی کے چند واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سچائی تھوڑی دیر کے لئے پریشان ضرور ہوسکتی ہے  لیکن کبھی ہار نہیں سکتی۔ پروفیسر کشیشور سر کا پرنسپل ہونا سچائی کی جیت ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ وہ کالج کے ہر فرد کے لئے چاہے ٹیچنگ ہو یا نان ٹیچنگ معاون و مددگار ثابت ہوں گے اور کالج ان کی سرکردگی میں ترقی کی نئی بہار دیکھے گا