تاثیر،۲۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ، 23 دسمبر: کورونا کے نئے ویرینٹ کے خدشے کے پیش نظر پنجاب میں پرہجوم علاقوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت نے ہفتہ کو اس حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ پنجاب میں ابھی تک جے این -1 کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے لیکن امرتسر ہوائی اڈے پر آنے والے مسافروں کی جانچ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق بھیڑ والی جگہوں پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ اسپتالوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اور دیگر ہیلتھ ورکرز کو لازمی طور پر ماسک پہننا ہوں گے۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کو ماسک پہننے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔
سانس کی بیماری کی علامات میں مبتلا ہونے پر باہمی رابطے کو محدود کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کے مشورے پر ٹیسٹ کروانے اور آنکھوں، ناک اور منہ کو ہاتھوں سے نہ چھونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ عوامی مقامات پر نہ تھوکیں اور کسی بھی قسم کے طبی مشورے کے لیے میڈیکل ہیلپ لائن 104 پر رابطہ کریں۔