تاثیر،۱۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جموں، 18 دسمبر:جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پولیس 250 خواتین کے ایک گروپ کو ویلج ڈیفنس گارڈز کی رکن بننے کی تربیت دے رہی ہے تاکہ وہ اپنے علاقوں میں کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ سرگرمی کو ناکام بنا سکیں۔پہاڑی ضلع ڈوڈہ کی یہ دیہی خواتین امن کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فائرنگ اور لڑائی کے دیگر حربوں کی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اپنے گاؤں کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے یہ خواتین آگے آئیں اور ہتھیاروں کی تربیت کا انتخاب کیا۔ کیونکہ سال 2006 میں دہشت گردوں کے ہاتھوں کلہانڈ کے قتل عام میں ایک درجن سے زیادہ دیہی باشندے مارے گئے تھے۔ ضلع ڈوڈہ میں اس وقت 875 وی ڈی جیز گروہ موجود ہیں جن میں چھ ہزار سے زیادہ ممبران ہیں۔ اِن میں سے صرف 4600 کو ماہانہ ادا کیا جاتا ہے۔ ان وی ڈی جی ارکان کو فائرنگ، علاقے پر تسلط اور گشت کی تربیت دی جاتی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈوڈہ نے کہا کہ یہ وی ڈی جی ممبران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ملک دشمن عناصر پر نظر رکھنے میں پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی مدد کر رہے ہیں۔ ایس ایس پی نے یہ بھی کہا کہ پولیس نے ڈوڈہ، بھدرواہ اور گندوہ میں فائرنگ رینج قائم کیے ہیں جہاں ان وی ڈی جی ارکان کو تربیت دی جاتی ہے اور جہاں وہ معمول کے مطابق فائرنگ کی مشق سے گزرتے ہیں تاکہ وہ بندوق چلانے کی مکمل تربیت حاصل کر سکیں۔