پونچھ میں منشیات کا کاروبار کرنے والوں کی جائیدادیں قرق، مزید کاروائی جاری

تاثیر،۱۶ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

جموں، 16 دسمبر: جموں و کشمیر پولیس نے پونچھ ضلع میں ایل او سی کے قریب تروان کے علاقے دیگوار میں نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینس ایکٹ 1985 کی دفعہ 68-ایف کے تحت ایک رہائشی مکان، جے سی بی اور ٹریکٹر کو قرق کرلیا ہے۔
ایس ایس پی پونچھ ونے شرما نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ کی تحصیل حویلی میں دیگوار تروان کے رہائشی شکر دین ولد نور دین کا رہائشی مکان کھسرہ نمبر 400 اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا۔ مذکورہ مکان کو ایف آئی آر نمبر 42/2023 کے تحت قرق کیا گیا ہے جبکہ محمد یٰسین ولد سیف دین ساکن تیریس، دیوان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 77/2023 سیکشن 8/21/22/29 این ڈی پی ایس ایکٹ، 13/18 یو اے پی اے ایکٹ، 4/5 دھماکہ خیز مواد ایکٹ کے تحت جائیداد کو منسلک کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رہائشی مکان اور جے سی بی، ٹریکٹر کو جے اینڈ کے پولیس نے ایگزیکٹو مجسٹریٹس حویلی انجم بشیر خٹک کے ساتھ نائب تحصیلدار حویلی معروف خان کی موجودگی میں منسلک کیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے مزید کہا کہ ہم نے منشیات فروشوں کی جائیدادوں کو ضبط کرنا شروع کر دیا ہے اور پونچھ میں پہلی بار ایسی کارروائی کرتے ہوئے پونچھ کے دیگوار-تروان علاقے میں 87.86 لاکھ روپے مالیت کا ایک رہائشی مکان، جے سی بی اور ٹریکٹر ضبط کیا ہے۔
اسی طرح کے معاملے میں کچھ دن پہلے سرنکوٹ میں دو منزلہ رہائشی مکان اور دو اہلکاروں کی گاڑیاں الٹو اور ٹاٹا موبائل کو ضبط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے معاملات میں مزید جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے اور منشیات فروشوں اور ڈیلروں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔پونچھ پولیس نے رواں برس این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 47 ایف آئی آر درج کی ہیں اور 83 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ساتھ ہی 87 کلو ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔