پہلوانوں کے تمغے واپس کرنا بی جے پی کی بے حسی کو بے نقاب کرتا ہے: اشوک گہلوت

تاثیر،۲۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

جے پور،23؍دسمبر:پہلوانوں کے معاملے پر کانگریس اور بی جے پی آمنے سامنے نظر آ رہے ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے جمعہ کو اولمپک میڈلسٹ خاتون پہلوان ساکشی ملک کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد مرکز میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کو نشانہ بنایا۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ اس واقعہ نے خواتین کی حفاظت کے تئیں بی جے پی کی بے حسی کو بے نقاب کر دیا ہے۔گہلوت نے ‘X’ پر لکھا، “پہلے تمغے لا کر ملک کا نام روشن کرنے والی بیٹی ساکشی ملک کی ریٹائرمنٹ، اور اب بجرنگ پونیا کی پدم شری کی واپسی، انصاف کی لڑائی میں بی جے پی کے ارادوں پر بڑا سوالیہ نشان لگاتی ہے۔ پہلوان بیٹیاں، اس معاملے میں بی جے پی کی طرف سے جو بدتمیزی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور متاثرین کے مطالبات کو نظر انداز کرنا قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ یہ واقعہ خواتین کے تحفظ کے تئیں بی جے پی کی بے حسی کو بے نقاب کر رہا ہے۔”آپ کو بتاتے چلیں کہ ٹوکیو اولمپکس کے کانسی کا تمغہ جیتنے والے پہلوان بجرنگ پونیا نے برج بھوشن شرن سنگھ کے معتمد سنجے سنگھ کے ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر بننے کے خلاف احتجاج میں جمعہ کو اپنا پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے ایک روز قبل ساکشی ملک نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ملک اور پونیا سمیت کئی چوٹی کے پہلوانوں نے اس سال کے شروع میں برج بھوشن کے خلاف تحریک شروع کی تھی، جن پر انہوں نے ڈبلیو ایف آئی کی قیادت میں خواتین پہلوانوں کا جنسی استحصال کرنے کا الزام لگایا تھا۔ یہ معاملہ ابھی تک عدالت میں ہے۔