تاثیر،۱۶ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
پونے، 16 دسمبر: ایران کے امیر محمد جعفردانش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمعہ کی رات یہاں پونے کے شری شیو چھترپتی اسپورٹس کمپلیکس کھیلے گئے پرو کبڈی لیگ (پی کے ایل) سیزن 10 کے ایک قریبی میچ میں یو ممبا کو پٹنہ پائریٹس کے خلاف 40-42 سے دلچسپ جیت دلائی۔ ایران کے ریڈر جعفردانش نے سپر 10 اسکور کرکے میچ میں 13 پوائنٹس حاصل کیے۔ جعفردانیش کو وشواناتھ وی کا بھی اچھا ساتھ ملا جنہوں نے میچ میں 8 پوائنٹس حاصل کیے۔
میچ کے تیسرے منٹ میں یو ممبا کی ٹیم گمان سنگھ کے ملٹی ریڈ پوائنٹ کی بنیاد پر 2-3 سے آگے ہوگئی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ میچ کے چھٹے منٹ تک دونوں ٹیمیں 5-5 گول سے برابر تھیں۔ پائریٹس اور ممبئی کی ٹیمیں ریڈ میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرتی رہیں۔ لیکن پھر سچن نے شاندار ریڈ کردیا اور اس کی وجہ سے یو ممبا کے صرف تین کھلاڑی میٹ پر رہ گئے۔ حالانکہ وشواناتھ وی نے ملٹی ریڈ کرکے انکت اور سدھاکر ایم کو میٹ سے باہر کردیا۔ یو ممبا کی ٹیم پھر 12ویں منٹ میں 9-10 سے آگے ہوگئی۔
منجیت نے 15 ویں منٹ میں ایک سپر ٹیکل کیا اور اسکور 13-11 کے ساتھ میچ میں پائریٹس کو برقرار رکھا۔ سچن نے دفاع میں بھی ٹیم کو بہترین تعاون فراہم کیا۔ اس کے بعد یو ممبا کا صرف ایک کھلاڑی میٹ پر رہ گیا۔ لیکن حیدرعلی اکرامی نے شاندار ریڈ کرکے ممبئی کو میچ میں بنائے رکھا۔ تاہم پٹنہ پائریٹس نے یو ممبا پر دباو جاری رکھا۔ اس کا فائدہ انہیں اس وقت ملا جب انہوں نے 17ویں منٹ میں مخالف ٹیم کو آل آوٹ کر دیا۔ پٹنہ پائریٹس کی ٹیم زبردست فارم میں نظر آنے لگی اور پہلے ہاف کے اختتام تک وہ 18-21 سے آگے تھی۔
دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں میں بھی سچن کی عمدہ کارکردگی جاری رہی۔ انہوں نے پٹنہ پائریٹس کو 19-23 سے آگے کردیا۔ تاہم، امیر محمد ظفردانش نے یو ممبا کے لیے متعدد ریڈ پوائنٹس کی جھڑی لگادی۔ ان کی اس کارکردگی کی بنیاد پر یو ممبا نے میچ میں واپسی کی اور اسکور 25-26 کے ساتھ ایک پوائنٹ کی برتری حاصل کرلی۔ جعفردانش کی طوفانی کارکردگی کا سلسلہ مزید جاری رہا اور 27ویں منٹ میں یو ممبا نے مخالف ٹیم کو آل آوٹ کر دیا۔ لیکن سچن دوسرے سرے سے ریڈ پوائنٹس لیتے رہے اور اس کے ساتھ پٹنہ پائریٹس نے خود کو مقابلہ میں بنائے رکھا۔
میچ کے 33ویں منٹ میں دونوں ٹیمیں 35-35 پر برابر تھیں اور یہاں سے مقابلہ بہت سخت ہوگیا۔ تاہم، سریندر سنگھ نے ایک سپر ٹیکل کردیا اور 35 ویں منٹ میں یو ممبا نے 35-39 کی کمانڈنگ برتری حاصل کر لی۔ اس کے فوراً بعد وشوناتھ نے بہترین ریڈ کی جس کی وجہ سے ممبئی کی ٹیم اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ظفردانیش نے میچ کے اختتام پر ایک اور رائڈ پوائنٹ اسکور کرکے یو ممبا کی جیت کو یقینی بنادیا۔

