تاثیر،۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
سری نگر ،یکم دسمبر :جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کب ہوں گے اس کو لے کر کافی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں لیکن اس درمیان ریاست کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو واضح کر دیا کہ وہ پوری طرح سے تیار ہیں۔اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جب بھی الیکشن کمیشن اسمبلی انتخابات کرانے کی ہدایت دیتا ہے ان کی انتظامیہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔انتخابات کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کے لیے کچھ سیاسی جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے سنہا نے کہا کہ وہ اسمبلی انتخابات کے کامیابی سے انعقاد کے بعد ہی لیفٹیننٹ گورنر کا عہدہ چھوڑیں گے۔اس میں تاخیر ہوئی ہے اور آخری بار انتخابات 2014 میں ہوئے تھے۔ ایل جی نے کہاکہ کمیشن نے جو بھی معلومات مانگی ہیں وہ حوالے کر دی گئی ہیں۔جموں میں ایک پروگرام میں سنہا نے کہا کہ انتظامات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر سے جو بھی معلومات مانگی تھیں اسے سونپ دی گئی ہیں۔ اس پلیٹ فارم سے بتانا چاہتے ہیں کہ کمیشن جب بھی ہم سے کہے جموں و کشمیر انتظامیہ انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ جب وہ یہاں آئے تھے تو بڑی کمیاں تھیں، کئی طرح کی رکاوٹیں تھیں انہوں نے ان رکاوٹوں کو دور کیا اور ترقی کے راستے بنائے، اس سے جموں و کشمیر کے حالات میں بہتری آئی ہے۔ 2019 میں آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد پچھلے چار سالوں میں ریاست اندھیروں سے نکل کر روشن مستقبل کی طرف بڑھی ہے۔ جب کوئی بیج بوتا ہے اور وہ درخت بننے لگتا ہے تو خوشی کا احساس ہوتا ہے۔ ہم ہر شہری کی امنگوں کو پورا کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے حال ہی میں واضح کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں جلد بلدیاتی انتخابات ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا تھا کہ حد بندی کے عمل کے بعد شہری لوکل باڈیز (یو ایل بی) کے انتخابات ہوں گے۔

