ہندوستانی خواتین ٹیم نے تاریخ رقم کردی، آسٹریلیا کو پہلی بار ٹیسٹ میں شکست دی

تاثیر،۲۴ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 23 دسمبر: ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کردی۔ حال ہی میں انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو ٹیسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد اب آسٹریلیا کو بھی ٹیسٹ میں شکست ہوئی ہے۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی خواتین ٹیم نے اتوار کو آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہندوستانی ٹیم نے واحد ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 406 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز 219 رنز پر سمٹ گئی۔ اس سے بھارت کو پہلی اننگز میں 187 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 261 رنز بنا سکی۔ اس سے بھارت کو 75 رنز کا ہدف ملا جسے بھارتی خواتین ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخ رقم کی۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں پہلی جیت حاصل کی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 11 ٹیسٹ (بشمول ممبئی ٹیسٹ) ہو چکے ہیں۔ آسٹریلیا نے چار جیتے، چھ ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔ اب ہندوستان نے فتح حاصل کر لی ہے

آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 261 رنز بنائے

چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم کی دوسری اننگز 261 رنز پر سمٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں تہیلا میک گرا نے سب سے زیادہ 73 رنز بنائے۔ میک گرا کے علاوہ ایلس پیری نے 45 اور بیتھ مونی نے 33 رنزبنائے۔ کپتان الیسا ہیلی نے 32، اینابیل سدرلینڈ نے 27 اور فوبی لیچفیلڈ نے 18 رنز بنائے۔ دوسری اننگز میں بھارت کی جانب سے اسنیہ رانا نے چار، راجیشوری گائیکواڑ اور ہرمن پریت کور نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پوجا وستراکر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی ٹیم کو دوسری اننگز میں 75 رنز کا ہدف ملا

آسٹریلیا کی دوسری اننگز 261 رنز پر آل آؤٹ ہونے کے بعد اسے 74 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی۔ اس سے بھارت کو جیت کے لیے 75 رنز کا ہدف ملا۔ جسے بھارتی ٹیم نے 18.2 اوورز میں 2 وکٹوں پر 75 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔ دوسری اننگز میں بھارتی ٹیم کی جانب سے اوپنر اسمرتی مندھانا نے ناٹ آؤٹ38 رنز بنائے۔ ریچا گھوش 13 اور جمیمہ روڈریگز 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ شیفالی ورما نے چار رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کم گارتھ اور ایشلے گارڈنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 406 رنز بنائے

ہندوستانی خواتین ٹیم نے پہلی اننگز میں 406 رنز بنائے تھے۔ ٹیم کی جانب سے اسمرتی مندھانا (74)، ریچا گھوش (52)، جمیما روڈریگز (73) اور دپتی شرما (78) کی عمدہ نصف سنچریوں اور شیفالی ورما (40) اور پوجا وستراکر (40) کی اہم اننگز کی بدولت ( 47) پہلی اننگز میں 406 رنز بنائے اور 187 رنز کی نمایاں برتری حاصل کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں ایشلے گارڈنر نے 4، کم گارتھ اور اینابیل سدرلینڈ نے 2،2 اور جیس جوناسن نے 1 وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی پہلی اننگز 219 رنز تک محدود رہی

ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے والی آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 77.4 اوورز میں 219 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے تہیلا میک گرا نے شاندار نصف سنچری کے ساتھ 50 رنز بنائے۔ تہیلا کے علاوہ بیتھ مونی نے 40 اور ایلیسا ہیلی نے 38 رنز بنائے۔ ان تینوں کے علاوہ کم گارتھ نے ناٹ آؤٹ 28 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے پوجا وستراکر نے 4، اسنیہ رانا نے 3 اور دپتی شرما نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔