ہندوستان اور متحدہ عرب امارات ایک سبز اور خوشحال مستقبل کی تشکیل کے لیے پرعزم :وزیر اعظم مودی

تاثیر،۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

دبئی، یکم دسمبر: ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے متحدہ عرب امارات کے معروف اخبار الاتحاد کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا، ’ہندوستان اور متحدہ عرب امارات ایک سرسبز اور زیادہ خوشحال مستقبل کی تشکیل میں شراکت دار کے طور پر کھڑے ہیں۔ دونوں اس کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ آب و ہوا کی کارروائی مساوات، آب و ہوا انصاف، مشترکہ ذمہ داریوں اور مشترکہ صلاحیتوں پر مبنی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا،’ ’ہندوستان پر امید ہے۔ ہندوستان کو یقین ہے کہ یو اے ای کی صدارت میں منعقدہسی او پی -28 موثر آب و ہوا کی کارروائی میں نئی رفتار لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک نے مسئلہ پیدا کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے۔ پھر بھی ترقی پذیر ممالک اس حل کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اقوام متحدہ کے زیراہتمام ماحولیاتی تحفظ پر منعقد ہونے والی کانفرنس آف دی پارٹیز (سی اوپی -28) میں شرکت کے لیے یہاں پہنچے ہیں۔ وہ جمعرات کی رات دیر گئے دبئی پہنچے۔ وہ آج (جمعہ) شام تک یہیں رہیں گے۔ اس دوران ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم کانفرنس کے اعلیٰ سطحی افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے اور اس سے متعلق تین الگ الگ اجلاسوں میں ہندوستان کا موقف پیش کریں گے۔ یہاں پہنچنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں نے پرتپاک استقبال کیا۔