حیدرآباد: چارمینار ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 6 افراد زخمی

تاثیر،۱۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 10 جنوری : چنئی سے چل کر حیدرآباد پہنچنے والی چارمینار ایکسپریس کی تین بوگیاں بدھ کو پٹری سے اتر گئیں، جس میں چھ افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں ۔
یہ حادثہ بدھ کی صبح تقریباً 10 بجے نامپلی ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ کل شام دیر گئے چنئی سے روانہ ہونے والی ٹرین براہ راست پلیٹ فارم نمبر 5 پر پہنچی اور ڈیڈ اینڈ دیوار سے ٹکرا گئی۔ اس کی وجہ سے ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
دروازے پر کھڑے کچھ مسافر ٹرین سے اترنے کی تیاری کر رہے تھے کہ جھٹکے سے گر گئے اور زخمی ہو گئے۔ ایس 2، ایس3، ایس 6 بوگیوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ چونکہ ٹرین کواسٹیشن پر رکنا تھا اور اس کی رفتار آہستہ ہوگئی تھی ، اس لئے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ خدشہ ہے کہ یہ حادثہ لوکو پائلٹ کی غلطی سے پیش آیا۔ زخمی مسافروں کو علاج کے لیے لالہ گڈا کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔