چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے تہتر فلسطینی جاں بحق اور 99 زخمی

تاثیر،۸ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

غزہ،8جنوری : وزارت صحت غزہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی طرف سے بمباری کے مختلف واقعات کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت 73 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 99 ہے۔غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں اب تک فلسطینیوں کا مجموعی طور پر جانی نقصان وزارت صحت غزہ کے مطابق 22835 نفوس کا ہوا ہے۔ جبکہ اب تک کہ کل زخمیوں کی تعداد جو معلوم کی جاسکی ہے وہ 58416 ہے، تاہم بمباری کا یہ سلسلہ چوتھے مہینے بھی اسی طرح جاری اور غزہ کے جنوبی اور وسطی علاقوں کو اسرائیلی جنگی طیارے بطور خاص نشانہ بنارہے ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی وزیر خارجہ کے اردن پہنچنے کے روز ایک بار پھر یہ اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں اپنی جنگ کو اس وقت تک بند نہیں کرے گی جب تک غزہ کے حوالے سے اسرائیلی اہداف حاصل نہیں ہوجاتے۔ یہ بات وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں جاری کی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اس سے پہلے غزہ میں اسرائیل کے جن تین اہداف کا متعدد بار ذکر چکے ہیں ان میں غزہ سے حماس کا مکمل صفایا، اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور مستقبل میں بھی اسرائیل کے لیے غزہ سے کسی قسم کے چیلنج اور خطرے کا باقی نہ رہنے کا اطمینان ہے۔ اہم بات ہے کہ جنگ کے چوتھے مرحلے میں داخل ہونے کے باوجود ان تین اہداف میں سے اسرائیل اب تک کوئی ایک ہدف بھی مکمل طور پر حاصل نہیں کر سکا۔ اسی وجہ سے اسرائیلی فوجی حکام 2024ء￿ کے دوران جنگ کو جاری رکھنے کی ایک سے زائد بار اطلاع دے چکے ہیں۔ہفتے کے روز اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں سینکڑوں مظاہرین نے اسرائیلی حکومت کی جنگ جاری رکھنے کی پالیسی کے خلاف اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے حماس سے مذاکرات کرنیکے حق میں مظاہرہ کیا۔ اسرائیلی یرغمالیوں کی حماس کی مسلسل قید میں رہنے کی وجہ سے اسرائیل میں کافی بے چینی کا اظہار ہونے لگا ہے۔احتجاجی مظاہرین کے استعفیٰ اور جلد سے جلد نئے انتخابات کا بھی مطالبہ بھی کر رہے تھے۔اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ، رشتہ داروں اور اسرائیلی سول سوسائٹی میں اضطراب بڑھتا جا رہا ہے اور لوگ حکومت پر مسلسل تنقید کر رہے ہیں کیونکہ غزہ میں اسرائیلی جنگ میں اب تک کئی یرغمالی مارے تو گئے ہیں مگر رہا کوئی نہیں کرایا جاسکا۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی بمبار طیارے نے اتوار کے روز خان یونس اور جنوبی غزہ کے دوسرے علاقوں میں شدید بمباری کرکے 82 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔