ہلال احمر کی ایمبولینس پراسرائیلی بمباری، طبی عملے کے 4 ارکان سمیت فلسطینی 6 جاں بحق

تاثیر،۱۱ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب ،11جنوری: اسرائیلی فوج نے غزہ میں فلسطینی ہلال احمر کی ایمبولینس گاڑی پر وحشیانہ بمباری کر کے ہلال احمر کے طبی عملے کے چار ارکان سمیت چھ فلسطینی جاں بحق کر دیے ہیں۔ اسرائیلی فوج کی اس وحڑیانہ کارروائی کی اطلاع ہلال احمرکی طرف سے باضابطہ طور پر دی گئی ہے۔ہلال احمر کے مطابق یہ واقعہ غزہ کے علاقے دیر البلاح میں بدھ کے روز پیش آیا ہے۔ ایمبولینس پر چار ہنگامی طبی عملے کے ارکان سوارتھے، ان کے علاوہ دو زخمی تھے۔ اسرائیلی بمباری نے ان سب کو نشانہ بنانے کے لیے ایمبولینس پر بمباری کر دی۔بیان کے مطابق ان میں سے چار افراد موقع پر جبکہ دو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے، تاہم اسرائیلی فوج کی طرف سے فوری طور پر اس افسوناک واقعے کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔خیال رہے اب تک غزہ میں اسرائیلی فوج بمباری کر کے 120 ایمبولینس گاڑیاں تباہ کر چکی ہے جبکہ طبی عملے کے ارکان اور ڈاکٹروں کی اسرائیلی بمباری سے 326 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ ہسپتالوں کی تباہی اور ہسپتالوں پر حملوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ غزہ کی صلاح الدین سٹریٹ کے نزدیک پیش آیا ہے۔ صلاح الدین سٹریٹ کا علاقہ شمالی اور جنوبی غزہ کے درمیان بہت مصروف راستوں میں شامل ہے۔ پچھلے دنوں اسی راستے سے بہت سارے بے گھر فلسطینیوں نے نقل مکانی کی ہے۔اس سے قبل سہ پہر کے قریب غزہ کی وزارت صحت نے بتایا تھا دیر البلاح میں ایک ہسپتال کے نزدیک اسرائیلی بمباری سے متعدد فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ سات اکتوبر سے اب تک غزہ میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 23350 ہو چکی ہے۔ دریں اثناء غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 186 ہو چکی ہے۔