آسٹریلیا، انگلینڈ یا پھر ہوجنوبی افریقہ، سراج کا ’میاں میجک‘ جاری ہے

تاثیر،۳ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 3 جنوری: محمد سراج نے جنوبی افریقہ کو ان کے ہی گھر پر مات دے دی۔ سراج نے افریقہ کے خلاف کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میں 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سراج کی تیز گیندوں کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو اس کے گھر پر پہلی اننگز میں 55 رنز پر آؤٹ کر دیا۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سراج نے غیر ملکی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ کو آگ لگائی ہو۔ اس سے پہلے وہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسے ممالک میں اپنا جادو بکھیر چکے ہیں۔سراج پہلے ہی آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز میں 5 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔اب انہوں نے اس فہرست میں جنوبی افریقہ کی سرزمین کو بھی شامل کر لیا ہے۔ انگلینڈ کی سرزمین پر سراج نے ایک بار نہیں بلکہ دو بار چار (4) وکٹیں حاصل کی ہیں۔ کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کیخلاف جاری دوسرے ٹیسٹ کے بارے میں بات کریں ،تو سراج نے میچ کی پہلی اننگز میں صرف 15 رنز دے کر 6 افریقی بلے بازوں کو اپنا شکار بنایا۔ افریقہ میں اس شاندار کارکردگی کی بدولت سراج نے ٹیسٹ اننگز میں بہترین باؤلنگ فیگر (6/15) بھی حاصل کر لیا ہے۔سراج کا غیر ملکی سرزمین پر ’میاں میجک‘اس طرح ہے۔:2023میں-6/15 جنوبی افریقہ کیخلاف،2023 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف – 5/60،2021میں-5/73 میں آسٹریلیا کیخلاف،2021 میں انگلینڈ کیخلاف – 4/32،2022 میں انگلینڈ کیخلاف – 4/66۔ خیال رہے کہ ہندوستانی گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کو اپنی سرزمین پر ایک پورا سیشن بھی نہیں کھیلنے دیا اور صرف 23.2 اوورز میں 55 رنز پر آل آؤٹ ہو گئے، جو ٹیسٹ میں افریقہ کا گھریلو سرزمین پر سب سے کم مجموعہ تھا۔ افریقہ کی جانب سے کائل ویرینی نے سب سے زیادہ 15 رنز بنائے۔اس کے علاوہ بیڈنگھم نے 12 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ کوئی افریقی بلے باز دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکا۔ سراج نے 6 وکٹیں حاصل کی، علاوہ ازیں بمراہ اور مکیش کمار نے بخوبی ان کا سا تھ نبھایا، بمراہ اور مکیش نے دو دو کامیابیاں حاصل کیں۔ اس دوران بمراہ نے 8 اوور میں 25 رنز دیئے، جبکہ مکیش نے 2.2 گیندوں میں صرف 2 رنز دیئے۔