تاثیر،۲۵ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
میلبورن، 25 جنوری : آسٹریلیا کے فلپ جزیرے پر چھٹیاں منانے آئے ہندوستانی خاندان کے چار افراد ڈوبنے سے ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں ایک مرد اور دو خواتین کی عمریں تقریباً20 سال جبکہ ایک اورخاتون کی عمر 40 سال تھی۔ آسٹریلیا میں مقیم ہندوستانی ہائی کمیشن نے یہ اطلاع دی۔
ہائی کمیشن کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’آسٹریلیا میں ایک دل دہلا دینے والا سانحہ پیش آیا ہے۔ وکٹوریہ کے فلپ جزیرے پر چار ہندوستانی ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت۔ ہائی کمیشن متاثرہ خاندان کے ساتھ رابطے میں ہے اور تمام ضروری مدد فراہم کی جا رہی ہے‘۔
24 جنوری کو پیش آئے اس واقعہ کے بارے میں پولیس کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق فلپ آئی لینڈ پر تقریباً 3.30 بجے لوگوں کے ڈوبنے کی اطلاع ملی۔ جس کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور تین خواتین اور ایک نوجوان کو پانی سے باہر نکالا گیا۔ ان سب کو سی پی آر دے کر ہوش میں لانے کی کوشش کی گئی لیکن دو خواتین اور ایک نوجوان کو موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔ جب ایک خاتون بے ہوش تھی، اسے ایئرلفٹ کر کے میلبورن کے الفریڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ علاج کے دوران اس کی بھی موت ہو گئی۔