آندھرا پردیش ہائی کورٹ سے چندرابابو نائیڈو کو بڑی راحت، تینوں معاملات میں پیشگی ضمانت

تاثیر،۱۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

امراوتی، 10 جنوری : ٹی ڈی پی سربراہ چندرا بابو کو آندھرا پردیش ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ ہائی کورٹ نے انہیں تین مقدمات میں پیشگی ضمانت دی ہے۔ جسٹس ٹی ملیکارجن راؤ کی بنچ نے بدھ کو یہ حکم دیا۔عدالت نے چندرا بابو کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس مدت کے دوران ایسے تبصرے نہ کریں جو تحقیقات کو متاثر کر سکیں۔ ایک ایک لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے ایک ہفتے کے اندر داخل کرنے ہوں گے۔ عدالت نے سی آئی ڈی کو پوچھ گچھ کے لیے 48 گھنٹے کا نوٹس دیتے ہوئے درخواست گزاروں سے تفتیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آندھرا پردیش سی آئی ڈی نے چندرا بابو کے خلاف اندرونی رنگ روڈ (آئی آر آر)، ریت اور شراب کے معاملات میں بے ضابطگیوں کے لیے مقدمات درج کیے تھے اور بعد میں انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ تلگو دیشم لیڈر چندرا بابو نے پیشگی ضمانت کے لیے ہائی کورٹ میں 3 الگ الگ درخواستیں داخل کی تھیں۔ بحث مکمل ہونے کے بعد ہائی کورٹ نے آج اپنا فیصلہ سنایا ہے۔ اس سے قبل سابق وزیر کولو رویندرا اور ریٹائرڈ آئی اے ایس سری نریش کو شراب کیس میں پیشگی ضمانت دی گئی تھی۔