اسرائیل اور لبنان کی سرحدپر دھماکے اور گولہ باری کے تبادلے

تاثیر،۲۹ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بیروت،28جنوری:اسرائیلی اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے درمیان ہفتہ کے روز گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں اسرائیل کی جنوبی سرحد پر غیرمعمولی دھماکے سنے گئے اور سرحد کے دونوں طرف دھواں چھا گیا۔اس پر اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے بھی اسرائیل کے شمالی علاقوں میں سائرن بجنے کی آوازیں سنی ہیں تاہم اس بارے میں فوجی ترجمان یا ذرائع نے مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان سات اکتوبر کے بعد سے سرحد پر آئے روز گولہ باری کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ جس کی وجہ سے خطے میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان 2006 میں ہونے والی جنگ کے بعد ان دنوں سب سے زیادہ کشیدگی دیکھنے میں آرہی ہے۔اسرائیل نے اس دوران لبنان کے اندر تک کئی بار ڈرون حملے اور بمباری بھی کی ہے۔ جس میں حزب اللہ کے کمانڈروں کے علاوہ حماس کے مرکزی رہنما اور عام لبنانی شہریوں کی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔