تاثیر،۱۹ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) حکومت ہند کی سرپرستی اور 52 ویں بٹالین سشستر سیما بال کے کمانڈنٹ شری مہندر پرتاپ کی ہدایت پر سرحدی چوکی کواری کے تحت +2 گورنمنٹ ہائی اسکول کواری میں شہری فلاح و بہبود کے پروگرام کے تحت ایک مفت انسانی طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تقریباً 60 مریضوں کا مفت چیک اپ کرنے کے بعد 52 ویں بٹالین کے ڈاکٹر منوج جاٹ کی طرف سے مفت ادویات فراہم کی گئیں اور بتاتے چلیں کہ مریضوں میں خواتین، مرد اور بچے وبچیاں شامل تھے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر منوج جاٹ نے مقامی لوگوں کو کھانے پینے کی عادات، اپنی اور گھر والوں کی صفائی ستھرائی کے بارے میں اہم معلومات اور جانکاریاں دیں اور ساتھ ہی مقامی لوگوں کو بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد سرحدی علاقوں کے ان لوگوں کے لئے جو کسی نہ کسی وجہ سے علاج سے محروم رہ جاتے ہیں، کے لئے سشستر سیما بال کی جانب سے وقتاً فوقتاً لگائے جانے والے میڈیکل کیمپوں کے ذریعے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے، ان سہولیات کے پیش نظر مقامی لوگوں میں کافی خوشی ومسرت دیکھی جارہی ہےاور سشستر سیما بال کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ اس پروگرام میں انسپکٹر مونتولم چیتم، ٹیم انچارج کواری، کانسٹیبل ورون سنگھ، کانسٹیبل دلیپ کمار ترپاٹھی اور دیگر سپاہی اور ایس ایس بی کے جوان موجود تھے۔

