تاثیر،۷ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ،07جنوری:بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق تیز گیند باز ظہیر خان نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ میں نوجوان فاسٹ بولر مکیش کمار کی بولنگ کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت محمد سراج اور جسپریت بمراہ کی باؤلنگ کا بہت چرچا ہے لیکن اس سب کے درمیان ہمیں مکیش کمار کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوں نے اس میچ میں بھی بہت اچھی بولنگ کی۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم نے میزبان جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ صرف دو دن کے اندر ختم ہو گیا۔ جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے اس میچ میں ٹیم انڈیا کے لیے کافی خطرناک گیند بازی کی۔ محمد سراج نے پہلی اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کیں اور اپنے کیرئیر کا بہترین اسپیل بولا۔ دوسری اننگز میں جسپریت بمراہ نے خطرناک بولنگ کی اور چھ وکٹیں حاصل کیں۔ اس وجہ سے ان دونوں گیند بازوں کے کافی چرچے ہو رہے ہیں۔
مکیش کمار کو بھی اس میچ میں کھیلنے کا موقع ملا اور انہوں نے دونوں اننگز میں دو دو وکٹیں حاصل کیں اور ظہیر خان نے ان کی بہت تعریف کی۔ انہوں نے کریک بز پر گفتگو کے دوران کہاکہ مکیش کمار کو موقع ملا اور انہوں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ میں بہت اچھی گیند بازی کی۔ محمد سراج اور جسپریت بمراہ نے یقینی طور پر سب کی توجہ اپنی گیند بازی کی طرف مبذول کروائی لیکن مکیش نے جس طرح مختصر وقفوں میں ان گیند بازوں کا ساتھ دیا اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس وجہ سے مکیش کمار کی بھی تعریف کی جانی چاہیے۔ بتا دیں کہ ٹیم انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر رہی۔ بھارت نے دوسرے میچ میں جیت کے ساتھ سیریز برابر کر دی۔

