بنگلورو بلز نے سدرن ڈربی میں سنسنی خیز جیت درج کی، تمل تھلائیواس کی مسلسل چھٹی شکست

تاثیر،۱ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نوئیڈا، یکم جنوری : بنگلورو بلز نے اتوار کی رات پرو کبڈی لیگ (پی کے ایل ) کے 10ویں سیزن کے 50ویں میچ میں تمل تھلائیواس کو 1 پوائنٹ سے شکست دی۔ یہاں نوئیڈا انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک سخت مقابلے میں تمل تھلائیواس ٹیم نے کئی مواقع پر اچھی برتری حاصل کرنے کے بعد آخری منٹوں میں اپنی فارم کھو دی اور اسے بنگلورو کے خلاف 37-38 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ بنگلورو بلز نے آخری دو منٹوں میں میچ کا رخ موڑ کر جیت کے ساتھ سال 2023 کا اختتام کیا۔
بنگلورو بلز کے لیے بھرت نے سپر 10 کے ساتھ 10 پوائنٹس حاصل کیے۔ ان کے علاوہ وکاس کنڈولا، نیرج نروال اور سوربھ نندل نے 4-4 پوائنٹس حاصل کیے۔ تمل تھلائیواس کی جانب سے نریندر نے سپر 10 اسکور کرتے ہوئے 12 رن بنائے لیکن وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے۔
یہ بنگلورو بلز کی سیزن 10 میں 10 میچوں میں چوتھی جیت ہے اور ٹیم اب 25 پوائنٹس کے ساتھ 10 ویں سے ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ تمل تھلائیواس کو نو میچوں میں ساتویں اور لگاتار چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ٹیم 13 پوائنٹس کے ساتھ 11 ویں نمبر پر ہے۔
سدرن ڈربی کے اس میچ میں، بنگلورو بلز نے اچھی شروعات کی اور ابتدائی چند منٹوں میں اپنا تسلط برقرار رکھا۔ لیکن تمل تھلائیواس نے جلد ہی واپسی کی اور اسکور کو 7-7 سے برابر کردیا۔ تاہم، تھلائیواس نے نریندر کی بدولت تین پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی تھی جب بنگلورو نے آٹھویں منٹ میں ایک سپر ٹیک کے ساتھ برتری ختم کر دی۔ اس کے ساتھ ہی کھیل کے پہلے 10 منٹ میں دونوں ٹیمیں 10-10 سے برابر تھیں۔
تمل تھلائیواس کے لیے نریندر کے علاوہ اجنکیا پوار نے بھیپوائنٹ اسکور کرنا جاری رکھا۔ 15ویں منٹ تک تھلائیواس کے حق میں ایک پوائنٹ کا فرق تھا۔ دریں اثنا، بنگلورو بلز نے 18ویں منٹ میں ایک سپر ٹیکل کرکے اسکور کو دوبارہ 14-14 پر برابر کردیا۔ اگلے ہی منٹ میں نتن سنگھ نے تھلائیواس کو ایک سپر ریڈ کے ساتھ برتری دلادی۔ تھلائیواس نے 20ویں منٹ میں بنگلورو بلز کو آل آؤٹ کیا اور ہاف کے اختتام پر اسکور 20-17 تک پہنچا دیا۔
وکاس کنڈولا نے دوسرے ہاف میں ایک سپر ریڈ اسکور کرکے بنگلورو کو تین پوائنٹس دلائے لیکن تمل تھلائیواس نے پھر برتری قائم کی۔ تھلائیواس نے 25ویں اور پھر 29ویں منٹ میں وکاس کنڈولا کو دو بار سپر ٹیکل کر کے اپنی برتری کو پانچ پوائنٹس تک بڑھا دیا۔ تھلائیواس کے پاس بھی 32 ویں منٹ میں سپر ٹیکل کے ذریعے پانچ پوائنٹس کی برتری حاصل کرنے کا موقع تھا، لیکن ان کے ڈیفینڈر بغیر کسی جدوجہد کے میٹ سے باہر چلے گئے اور ٹیم آل آوٹ کے دہانے پر پہنچ گئی۔
بنگلورو بلز نے دو منٹ کے بعد تھلائیواس کو آل آوٹ کر دیا اور چھ پوائنٹس سے پیچھے رہنے کے بعد ایک پوائنٹ کی برتری حاصل کی۔ دریں اثنا، تمل تھلائیواس کے نریندر اور بنگلور بلز کے بھارت نے اپنے سپر 10 مکمل کر لیے۔ میچ کے اختتام سے تین منٹ قبل ساگر نے شاندار ٹیکل کرتے ہوئے اپنا ہائی 5 مکمل کیا۔ بنگلورو بلز نے مسلسل تیسرا بونس پوائنٹ حاصل کیا اور اسکور کو 36-36 پر برابر کردیا۔ آخری لمحات میں بلز نے ایک پوائنٹ کی برتری حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے 38-37 سے سنسنی خیز جیت حاصل کی۔