تاثیر،۳۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 30 جنوری: دہلی ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو دہلی فسادات کیس کے ملزم شرجیل امام کی قانونی ضمانت کی درخواست پر 17 فروری تک سماعت مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس سریش کیت کی سربراہی والی بنچ نے یہ حکم دیا۔
سماعت کے دوران شرجیل امام کی جانب سیپیش وکیل طالب مصطفیٰ نے کہا کہ کڑکڑڈوما عدالت نے 22 جنوری کو ہوئی سماعت میں اس درخواست کی سماعت 7 فروری کو کرنے کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے اس عرضی کی جلد سماعت کے لیے رہنما خطوط جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو 7 فروری کو ہونے والی سماعت کے بعد 17 فروری تک قانونی ضمانت کی درخواست پر دس دن کے اندر فیصلہ دینے کی ہدایت کی۔
اس سے قبل کڑکڑڈوما کورٹ کے ایڈیشنل جج امیتابھ راوت شرجیل امام کی قانونی ضمانت کی درخواست پر سماعت کر رہے تھے۔ ان کے تبادلے کے بعد جج سمیر باجپئی نے معاملے کی از سرنو سماعت کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد شرجیل امام نے دہلی ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔
دہلی پولیس نے یو اے پی اے کے تحت شرجیل امام کے خلاف داخل کی گئی چارج شیٹ میں کہا ہے کہ شرجیل امام شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہروں کو آل انڈیا سطح پر لے جانے کے لیے بے چین تھا اور ایسا کرنے کی بھرپور کوشش کر ر ہا تھا۔ دہلی پولیس نے شرجیل امام کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 124اے ، 153اے ، 153بی اور 505(2) کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔