تاثیر،۱۰ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
الور، 10 جنوری : دہلی-ممبئی سوپر ایکسپریس ہائی وے پر الور ضلع کے رینی تھانہ علاقے کے قریب مکندرا پلیا کے قریب ایک حادثے میں تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ کار ہائی وے پر کھڑی ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں کار بری طرح سے بکھر گئی۔
پولیس نے بتایا کہ تینوں مرنے والوں کی شناخت نشانت ولد انوپ، انوپ جین اور لال بابو تاٹی کے طور پر کی گئی ہے۔ تینوں اتر پردیش کے غازی آباد کے رہنے والے تھے۔ حادثہ اتنا دردناک تھا کہ گاڑی بری طرح بکھر گئی اور لاشیں شیشے توڑ کر باہر نکل آئیں۔ رینی پولیس اسٹیشن کے کانسٹیبل رامویر مینا نے بتایا کہ اتر پردیش نمبر والی کار دہلی سے جے پور کی طرف جارہی تھی۔ گاڑی میں صرف تین لوگ تھے۔ شبہ ہے کہ صبح ہلکی دھند تھی اور ڈرائیور سو گیا ہو گا۔ لیکن گاڑی کی حالت دیکھ کر لگتا ہے کہ ڈرائیور تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا۔
اس دوران ڈرائیور ہائی وے پر پائپوں سے بھری ٹرالی کو نہ دیکھ سکا اور کار ٹرالی سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہائی وے کرین کو طلب کر لیا گیا۔ گاڑی کو کرین کی مدد سے ٹرالی سے باہر نکالا گیا۔ تمام کی لاشیں رینی کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر بھیج دی گئیں۔ موقع پر موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ تصادم کے بعد زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ اس حادثے میں کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر بکھر گیا۔ لوگوں نے بتایا کہ جب وہ موقع پر پہنچے تو لاشیں شیشے توڑ کر باہر نکلی تھیں۔ وہاں موجود لوگوں نے لاش کو نکالنے کی کوشش بھی کی۔ لیکن لاشیں نہ نکلنے پر کرین طلب کی گئی۔ پولیس نے لواحقین کو اطلاع کر دی ہے اور ان کے آنے کے بعد ہی پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔