تاثیر،۸ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جے پور ، 8 جنوری: بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار اور ریاستی وزیر برائے نہری اور اقلیتی امور سریندر پال سنگھ ٹی ٹی سری گنگا نگر کی کرن پور اسمبلی سیٹ سے الیکشن ہار گئے ہیں۔ کانگریس کے روپندر سنگھ کنر نے سریندر پال سنگھ ٹی ٹی کو 11 ہزار 261 ووٹوں سے شکست دی۔ سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت اور کانگریس کے ریاستی صدر گووند سنگھ دوتاسارا نے روپندر سنگھ کنر کو ان کی جیت پر مبارکباد دی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سی پی جوشی نے کہا کہ شکست کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر گورنمنٹ پی جی کالج میں پیر کی صبح گنتی شروع ہوئی۔ گنتی کے کل 18 راؤنڈ میں کانگریس کے روپندر سنگھ کنر کو 94 ہزار 761 ووٹ ملے اور بی جے پی کے سریندر پال سنگھ ٹی ٹی کو 83 ہزار 500 ووٹ ملے۔
قابل ذکر ہے کہ ایم ایل اے بننے سے پہلے ہی سریندر پال سنگھ ٹی ٹی کوریاست کی بھجن لال حکومت میں وزیر بنایا گیا تھا۔اور ان کو چار اہم محکموں کا وزیر مملکت (آزادانہ چارج) سونپا گیا تھا جیسے اندرا گاندھی نہر ، اقلیتی امور اور وقف ، زرعی مارکیٹنگ اور زرعی آبپاشی علاقے کی ترقی اور پانی کی افادیت کا محکمہ۔ کانگریس نے اس کی سخت مخالفت کی تھی اور الیکشن کمیشن سے شکایت بھی کی تھی۔ اس وقت انہیں وزیر بنے صرف نو دن ہوئے ہیں اور انہیں محکمہ الاٹ ہوئے صرف تین دن ہی ہوئے ہیں۔ انہوں نے ابھی چارج بھی نہیں لیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ راجستھان میں 200 میں سے 199 اسمبلی سیٹوں کے لیے 25 نومبر کو ووٹنگ ہوئی تھی اور 3 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا گیا تھا۔ کانگریس امیدوار گرمیت سنگھ کنر کی موت کے بعد کرن پور اسمبلی سیٹ پر 25 نومبر کو انتخابات نہیں ہوئے تھے۔ کانگریس نے کنر کے بیٹے روپندر سنگھ کنر کو یہاں انتخابات میں اتارا تھا۔ اس سیٹ پر 05 جنوری کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ پوری ریاست کی نظریں کرن پور کے نتائج پر تھیں اور اس الیکشن میں بی جے پی اور کانگریس دونوں پارٹیوں کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھجن لال حکومت کا یہ پہلا بڑا امتحان تھا۔