تاثیر،۱ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، یکم جنوری: ایودھیا میں 22 جنوری کورام للا مندر کے افتتاح کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ہم وطنوں سے 22 جنوری کو دیوالی منانے کی اپیل کی ہے۔ پی ایم مودی کی اس کال پر بہار کے وزیر تیج پرتاپ یادو نے اپنا ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رام تب ہی آئیں گے جب مرکز میں انڈیا اتحاد کا جھنڈا لہرایا جائے گا۔
ملک 500 سال سے رام مندر کا انتظار کر رہا ہے۔ صحافیوں نے تیج پرتاپ یادو سے پوچھا کہ پی ایم مودی نے 140 کروڑ ہم وطنوں سے 22 جنوری کو اپنے گھروں میں دیوالی منانے کی اپیل کی ہے، جس کے جواب میں تیج پرتاپ یادو نے اسے انڈیا اتحاد سے جوڑتے ہوئے کہا کہ شری رام اسی وقت آئیں گے جب مرکز میں انڈیا اتحادکی حکومت ہوگی۔
تیج پرتاپ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک میں رام مندر کے افتتاح کو لے کر سیاسی بحث چل رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر بی جے پی پر رام کے نام پر سیاست کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ کئی ایسے رہنما ہیں جو اس پران پرتیشٹھا پروگرام میں شرکت کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں دعوت نامہ نہیں بھیجا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دعوت نامہ کو لے کر بیان بازی کا دور بھی جاری ہے۔ واضح ہو کہ رام مندر کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

